02 دسمبر ، 2020
ملک میں کورونا کی دوسری لہر کے دوران ہلاکتوں اور کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں ریکارڈ 75 ہلاکتیں ہوئیں جو ساڑھے چار ماہ بعد ایک روز میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں۔
پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 35197 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 2829 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے مزید 75 افراد انتقال کرگئے۔
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ہونے والی ہلاکتیں ساڑھے چار ماہ کے دوران ایک روز میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں۔
اس سے قبل 10 جولائی کو ایک روز میں کورونا سے 75 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی تھیں۔
سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا مثبت آنے کی شرح 8 فیصد رہی۔
پاکستان میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 8166 ہوگئی ہے اور مجموعی کیسز 4 لاکھ 3311 تک جا پہنچے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد 49780 ہے۔
اس کےعلاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 2079 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔
سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 175642 ہوگئی ہے جب کہ 2962 افراد اب تک انتقال کرچکے ہیں۔
پنجاب میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 120356 ہے اور 3066 افراد وائرس میں مبتلا ہوکر جان سے جاچکے ہیں جب کہ بلوچستان میں مریضوں کی کل تعداد 17215 اور ہلاکتیں 169 ہوچکی ہیں۔
خیبرپختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 47701 اور 1375 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ آزاد کشمیر میں 6982 افراد وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور 173 افراد انتقال کرگئے۔
اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 4667 اور 97 افراد انتقال کرچکے ہیں۔