Time 02 دسمبر ، 2020
کھیل

نیوزی لینڈ: پاکستانی اسکواڈ کے ایک اور رکن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا

فائل:فوٹو

نیوزی لینڈ میں موجود پاکستان کرکٹ اسکواڈ کے ایک اور رکن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔

وزارت صحت نیوزی لینڈ نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہےکہ کورونا کا شکار ہونے والے اس رکن کا تعلق ان تین کیسز سے ہے جن کے بارے میں کہا گیا تھا کہ ان کے کیسز کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

وزارت صحت کاکہنا ہے کہ پاکستان اسکواڈ کو ابھی ٹریننگ کی اجازت نہیں لہٰذا  میڈیکل آفیسر کے صورتحال کا جائزہ لینےکےبعد ٹریننگ کی اجازت دی جائےگی جب کہ پاکستان اسکواڈ کی اگلی کووڈ 19 ٹیسٹنگ کل ہو گی۔

چوتھی ٹیسٹنگ میں منفی آنیوالوں کو ٹریننگ کی اجازت کی توقع

توقع ہے کہ چوتھی ٹیسٹنگ میں بھی جن افراد کے رزلٹ منفی آئیں گے انہیں اس روز سے ٹریننگ کی اجازت مل جائے گی۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے نیوزی لینڈ میں اب تک قومی اسکواڈ کی تین مرتبہ کووڈ 19 ٹیسٹنگ ہوچکی ہے، 54 میں سے 8 ارکان میں کووڈ 19 کی تشخیض ہوچکی جن میں 8 میں سے 2 ارکان کو ہسٹارک کیسز یعنی نان انفیکشیس قرار دیا گیا۔

 ٹریننگ کی اجازت وزارت صحت کی منظوری سے مشروط

قومی ٹیم کو ٹریننگ کی اجازت نیوزی لینڈ کی وزارت صحت کی منظوری سے مشروط ہے، 14 روزہ آئسولیشن میں قومی اسکواڈ کی آخری ٹیسٹنگ 12 ویں روز ہوگی، اس ٹیسٹ میں منفی اور 14 ویں روز ہیلتھ چیک اپ کلیئر کرنے والے ارکان کو مینجڈ آئسولیشن چھوڑنےکی اجازت ہوگی۔

پی سی بی کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نہ صرف نیوزی لینڈ میں موجود قومی کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ سے مسلسل رابطے میں ہے بلکہ وہ انہیں ٹریننگ میں واپسی سے متعلق ہر اپ ڈیٹ سے بھی آگاہ کررہا ہے۔

پی سی بی کا  مزیدکہنا ہے ٹیم مینجمنٹ اور تمام کھلاڑی اس عمل کو مکمل سپورٹ کررہے ہیں اور وہ حکومت نیوزی لینڈ کے مقررہ قوانین کے تحت جلد از جلد ٹریننگ کا آغاز کرنے کے منتظر ہیں۔

مزید خبریں :