03 دسمبر ، 2020
چیئرمین آل پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن اسکندر خان کا کہنا ہے کہ اوپن مارکیٹ میں چینی کی فی کلو قیمت میں 20 روپے سے 23 روپے تک کمی آگئی ہے۔
اسکندر خان کے مطابق چینی کے ایکس ملز ریٹ میں بھی کمی آگئی ہے جس کے ایکس ملز ریٹ 78 روپے فی کلوتک پہنچ گئے ہیں۔
چیئرمین اسکندر خان کا کہنا ہے کہ 78 روپے فی کلو چینی میں 14 روپے ٹیکس بھی شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ گنےکی خریداری میں مڈل مین کا کردار ختم کرنےکے حکومتی اقدام کے مثبت اثرات سامنےآئے ہیں جب کہ گنے کی قیمت 200 روپے برقرار رہنے سے بھی چینی کی ایکس ملز ریٹ میں کمی واقع ہوئی۔
اسکندر خان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں اس وقت چینی 200 روپے فی کلو ہے لہٰذا چینی کی قیمت کم کرنے کے لیے افغانستان باڈرز پر سختی کرنا ہوگی جب کہ حکومت گڑ کی افغانستان برآمد روکے کیونکہ گڑ کی آڑ میں افغانستان چینی اسمگل ہوتی ہے۔