Time 06 نومبر ، 2020
کاروبار

گندم، چینی اور ٹماٹر کی درآمد کے اثرات، قیمتیں کم ہونا شروع

ادارہ شماریات نے مہنگائی پر ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی جس کے مطابق ملک میں مہنگائی میں معمولی کمی دیکھنے میں آئی ہے— فوٹو: فائل

گندم، چینی اور ٹماٹر کی درآمد کے اثرات اوپن مارکیٹ میں نظر آنا شروع ہو گئے، ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 50 روپے تک کمی آگئی جبکہ آٹا 2 روپے فی کلو اور چینی کی قیمت میں بھی دو روپے کلو کمی ریکارڈ کی گئی۔

ادارہ شماریات نے مہنگائی پر ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی جس کے مطابق ملک میں مہنگائی میں معمولی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں کمی آنے سے 5 نومبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران ملک میں 14 اشیاء کی قیمتوں میں کمی کے بعد ملک میں مہنگائی میں اوسط 0.12 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

گندم، چینی اور ٹماٹر کی درآمد کے بعد ان کی قیمتوں میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی، ایک ہفتے کے دوران ایک کلو ٹماٹر کی قیمت میں 49 روپے 83 پیسے کمی آئی جبکہ گندم کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 39 روپے 29 پیسے کم ہوئی۔

اس کے علاوہ دال مسور 4 روپے 28 پیسے اور چینی کی فی کلو قیمت میں 2 روپے تک کمی ہوئی ہے۔

 ایک ہفتے کے دوران انڈے، چاول، گڑ، کوکنک آئل میں بھی معمولی کمی ریکارڈ کی گئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 14 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، چکن 17 روپے 52 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔

ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 85 روپے 69 پیسے اضافہ ہوا، لہسن 9 روپے 61 پیسے ،  آلو 2.5 روپے اور پیاز 4.5روپے فی کلو مہنگا ہوا۔

ایک ہفتے کے دوران دال چنا، دال ماش ، خشک دودھ ، دال چنا کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ۔

رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران مٹن، بیف، دودھ، دہی سمیت 23 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

مزید خبریں :