05 دسمبر ، 2020
اینٹی کرپشن پنجاب نے ن لیگی ایم این اے رانا مبشر، سابق ایم پی اے وحید گل اور سابق ایم پی اے سیف الملوک کھوکھر کے فرنٹ مینوں کے خلاف مقدمات درج کر لیے۔
ترجمان انٹی کرپشن پنجاب کے مطابق ن لیگی رہنماؤں کے جن فرنٹ مینوں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں ان میں مبین داؤد، افضل خان، مبشر، محمد طارق اور محمد بوٹا شامل ہیں۔
اینٹی کرپشن کے ترجمان کے مطابق سیف الملوک نے مبین داؤد، مبشر اور افضل خان کی مدد سے 80 کنال زمین پر قبضہ کیا، یہ زمین پارسی خاندان کی ملکیت تھی، کراچی کے عید ڈینشا کی وفات کے بعد ان کی زمین لاوارث ہو گئی تو سیف الملوک کے فرنٹ مینوں نے جعلی وارث بن کر زمین اپنے نام کرا لی۔
سابق ایم پی اے وحید گل کے شراکت دار محمد طارق اور محمد نصراللہ ہیں، دونوں نے مارکیز سمیت غیر قانونی دفتر بنا رکھا ہے، ملزم طارق سرکاری فیس کی مد میں 1 کروڑ 37 لاکھ روپے سے زائد کا نادہندہ ہے جب کہ محمد نصراللہ نے 7 کنال سے زائد سرکاری زمین پر فیکٹری بنا رکھی ہے۔
ترجمان اینٹی کرپشن کا کہنا ہے کہ ایم این اے رانا مبشر احمد کا فرنٹ مین محمد بوٹا 64 کنال سرکاری زمین پر قابض ہے، ملزم محمد بوٹا 21 لاکھ 61 ہزار سے زائد سرکاری تاوان کا نادہندہ بھی ہے، ملزموں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔