06 دسمبر ، 2020
پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر اور سابق ممبر قومی اسمبلی قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم صاحب ہمیں این آر او نہیں، آپ کا استعفیٰ چاہیے۔
وزیراعظم عمران خان کے گزشتہ روز دیے گئے انٹرویو پر ردعمل دیتے ہوئے قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا مشرف ہمیں این آر او دینے والا کون تھا، ہم نے تو اس سے استعفیٰ لیا تھا۔
ان کا کہنا تھا آپ جتنے چاہو مقدمے درج کرو، لاہور کا جلسہ پوری طاقت سے ہو گا، وزیراعظم اور ان کے ترجمانوں کی بوکھلاہٹ بتا رہی ہے کہ یہ جانے والے ہیں۔
رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ڈلیور کرنے میں ناکام ہو چکے، اب ان کا صرف دھمکیوں پر گزارا ہے لیکن اب عوام نکل آئے ہیں، جعلی دھمکیاں اور بدتمیزیاں ان کو بچا نہیں سکتیں۔
قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ہر تقریر میں تکبر جھلکتا ہے، یہی ان کے زوال کی بڑی نشانی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے ایک انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ پی ڈی ایم کو لاہور جلسے کی اجازت دیں گے نہ انہیں روکیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ جلسہ منتظمین اور کیٹرنگ سروس فراہم کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج ہوں گے۔
عمران خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پرویز مشرف نے اپنی کرسی بچانے کے لیے آصف زرداری اور نواز شریف کو این آر او دیا لیکن اگر میری حکومت بھی چلی جائے تو انہیں کسی صورت این آر او نہیں دوں گا۔