07 دسمبر ، 2020
برطانیہ سے تعلق رکھنے والے معروف یوٹیوبر جے پلفری کا کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ کے آخر میں دورہ پاکستان کے دوران دلکش نظاروں اور پاکستانیوں کی بھرپور مہمان نوازی نے انہیں پاکستان کی محبت میں مبتلا کردیا ہے۔
معروف وی لاگر یوٹیوبر جے پلفری نے تین ہفتوں پر مشتمل اسکردو ، ہنزہ اور گلگت بلتستان سمیت پاکستان کے مختلف شہروں کا دورہ کیا تھا۔
پاکستانی سیاحت کے فروغ کے لیے یوٹیوبر جے پلفری کی جانب سے ان کے دورہ پاکستان کی کئی ویڈیو سیریز ریلیز کی جاچکی ہیں۔
حالیہ ویڈیو میں برف سے ڈھکی وادی اسکردو، سیاحوں کی توجہ کا بہترین مرکز اور دنیا کے دوسرے بلند ترین میدان دیوسائی کا نظارہ پیش کیا گیا۔
ویڈیو میں شمالی خطے سے لاہور تشریف لانے کے بعد جے پلفری نے بادشاہی مسجد اور فیصل مسجد سمیت مختلف پرکشش مقامات پر مبنی سیریز نشر کی۔
اپنی ایک ویڈیو میں یوٹیوبر جے پلفری کا کہنا تھا کہ وہ دنیا کو پاکستان کا اصل امیج دکھانے کی کوشش کررہے ہیں۔
نومسلم یوٹیوبر کے مطابق مغرب کے بہت سے لوگ مغربی میڈیا کی جانب سے کھینچے گئے پاکستان کے خوفناک خاکے پر یقین رکھتے ہیں کیونکہ وہ پرامن، متحرک اور محبت کرنے والے پاکستان سے متعلق آگاہی نہیں رکھتے۔
اپنی دوسری پوسٹ میں جے پلفری کا کہنا تھا کہ میرا نہیں خیال کہ میں کبھی اتنا پرجوش ہوا ہوں، پہلے ہی دن میرا استقبال خوبصورت مسکراہٹوں اور نہایت گرم جوشی سے کیا گیا، میں اس ملک کی تلاش کی جستجو میں مزید چند ہفتوں کا انتظار نہیں کرسکتا۔
واضح رہے کہ معروف یوٹیوبر نے رواں برس ستمبر میں دورہ ترکی کے دوران دائرہ اسلام میں داخل ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔
’میں مسلمان ہوگیا‘ کے عنوان سے جے پلفری نے اپنے یوٹیوب چینل پر 7 منٹ اور 25 سیکنڈ پر مبنی ویڈیو شیئر کی تھی جس میں انہیں استنبول کی سلیمانیہ مسجد میں کلمہ شہادت پڑھ کر دائرہ اسلام میں داخل ہوتے دیکھا گیا۔