07 دسمبر ، 2020
لاہور کے مال روڈ پر مشعل بردار ریلی نکالنے پر پیپلزپارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
گزشتہ روز پی پی کی جانب سے لاہور کے مال روڈ پر مشعل بردار ریلی نکالی گئی تھی جس میں کارکنوں نے شرکت کی تھی۔
انتظامیہ نے کورونا ضابطہ کار (ایس او پیز) کی خلاف ورزی پر پیپلزپارٹی کے 150 رہنماؤں اور کارکنوں پرمقدمہ درج کرلیا۔
کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر مقدمہ تھانہ سول لائن میں درج ہوا۔
دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ میں کورونا کے دوران سیاسی جلسے اور جلوسوں پرپابندی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔
جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے جوڈیشل ایکٹو ازم پینل کی درخواست پر سماعت کی۔
لاہور ہائیکورٹ نے ڈپٹی کمشنرلاہور اور دیگرکونوٹس جاری کرتے ہوئے کل تک جواب طلب کرلیا۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عالمی وبا سے بچاؤ کیلئے جلسے، جلوسوں اور دیگر اجتماعات پر پابندی لگانا وقت کی ضرورت ہے کیونکہ حفاظتی اقدامات یقینی نہ بنائےگئے تو تشویشناک حد تک اموات کا خطرہ ہے۔
خیال رہے کہ لاہور میں جلسہ کرنے پر مسلم لیگ ن کے 18 مرکزی قائدین سمیت 500 کارکنوں کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی جانب سے حکومت مخالف تحریک کے تحت 13 دسمبر کو لاہور میں جلسہ عام کا اعلان کیا گیا ہے اور اس جلسے کی میزبان پاکستان مسلم لیگ (ن) ہے۔