Time 09 دسمبر ، 2020
انٹرٹینمنٹ

’کرپشن معاشرے کو کھوکھلا کردیتی ہے‘، عمران عباس کا ویڈیو پیغام

دنیا بھر میں آج کرپشن کے خلاف عالمی دن منایا جارہا ہے اور اس موقع پر جہاں ایک طرف  وزیراعلیٰ عثمان بزدار  نے  پنجاب میں کرپشن سے متعلق تاریخی کامیابیوں کا دعویٰ کیا ہے وہیں اداکار عمران عباس نے بھی کرپشن کے خلاف جنگ میں پنجاب حکومت کا ساتھ دینے کی اپیل کردی۔

کرپشن کے عالمی دن کے حوالے سے دیے گئے ویڈیو پیغام میں اداکار عمران عباس نے کہا کہ آج دنیا بھر میں کرپشن کے خلاف عالمی دن منایا جارہا ہے، کرپشن بدعنوانی اور رشوت ستانی ایسے عناصر ہیں جو کسی بھی معاشرے کو کھوکھلا کردیتی ہیں۔

عمران عباس نے کہا کہ سرکاری سطح پر کرپشن کا مطلب ہے کہ جو پیسہ عوام کی فلاح وبہبود میں خرچ کیا جانا چاہیے وہ لوگوں کی ذاتی جیبوں میں جارہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب اینٹی کرپشن نے پچھلے 27 ماہ کے دوران تقریباً 206 ارب روپے ان عناصر سے واپس لوٹاکر سرکاری خزانوں میں جمع کروائے ہیں اور وہ پیسہ اب عوام کی فلاح و بہبود کے لیے خرچ کیا جائے گا۔

انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ اگر آپ کسی ایسے شخص یا ادارے کو جانتے ہوں جو کرپشن میں ملوث ہے تو آپ فوراً پنجاب اینٹی کرپشن سے رابطہ کریں۔

اداکار نے اپنے ویڈیو پیغام میں عوام سے پنجاب اینٹی کرپشن کانمبر شیئر کرتے ہوئے ادارے کا ساتھ دینے کی اپیل بھی کی۔

مزید خبریں :