دنیا
Time 12 دسمبر ، 2020

امریکا کا موڈرنا کی مزید 10 کروڑ کورونا ویکسین خریدنے کا فیصلہ

فائل فوٹو

واشنگٹن: امریکا نے دوا ساز کمپنی موڈرنا کی کورونا ویکسین کی مزید کروڑوں خوراکیں خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی دوا اساز کمپنی موڈرنا نے اس بات کی تصدیق کی ہےکہ امریکی حکومت نے اس کی کورونا ویکسین کی مزید 100 ملین (10 کروڑ) اضافی خوراکیں خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کمپنی کا کہنا ہےکہ امریکا اب تک اس کی کورونا ویکسین کی مجموعی طور پر 200 ملین خوراکوں کا آرڈر دے چکا ہے جب کہ ان 200 ملین خوراکوں کا پہلا آرڈر دسمبر کے آخر تک بھیج دیا جائے گا اور باقی آرڈر آئندہ سال کی پہلی سہ ماہی تک فراہم کیا جائے گا۔

امریکا نے اگست میں دوا ساز کمپنی موڈرنا سے کورونا ویکسین کی 100 ملین خوراکوں کا معاہدہ کیا تھا جس کی مالیت 1.5 ارب ڈالر بنتی ہے جب کہ معاہدے میں 400 ملین تک ویکسین خریدنے کا آپشن شامل ہے۔

امریکا دنیا بھر میں کورونا سے متاثرہ ممالک میں سرفہرست ہے جہاں کیسز کی مجموعی تعداد ایک کروڑ 62 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ ہلاکتیں 3 لاکھ سے زائد ہیں۔

خیال رہے کہ امریکا نے فائزر کی کورونا ویکسین کو بھی ایمرجنسی استعمال کے لیے منظور کرلیا ہے اور امریکا میں وسیع پیمانے پر ویکسی نیشن کی تیاریاں کی جارہی ہیں جس سے ماہرین نے جلد کورونا پر قابو پانے کی امید ظاہر کی ہے۔

مزید خبریں :