دنیا
Time 12 دسمبر ، 2020

امریکی سپریم کورٹ نے صدارتی الیکشن کالعدم قرار دینے کی درخواست مسترد کردی

امریکا کی 4 اہم ریاستوں جارجیا، مشی گن، پنسلوانیا اور وسکونسن کے صدارتی انتخابی نتائج میں کالعدم قرار دینے کی درخواست دائر کی گئی تھی— فوٹو: فائل 

امریکی سپریم کورٹ نے صدارتی انتخابات کالعدم قرار دینے کی ریاست ٹیکساس کی درخواست مسترد کردی۔

امریکی ریاست ٹیکساس کے اٹارنی جنرل کی جانب سے امریکا کی 4 اہم ریاستوں جارجیا، مشی گن، پنسلوانیا اور وسکونسن کے صدارتی انتخابی نتائج میں بے ضابطگیوں کے خلاف درخواست دائر کی تھی۔

ان ریاستوں میں نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن نے کامیابی حاصل کی تھی جس کے بعد یہ درخواست دائر کی گئی جبکہ اس درخواست کو امریکی صدر ٹرمپ، 17 دیگر ریاستوں اور ری پبلکن ارکان کانگریس کی حمایت حاصل تھی۔

تاہم جمعے کو امریکی سپریم کورٹ نے درخواست پر سماعت کی اور یہ درخواست مسترد کردی۔

امریکی سپریم کورٹ کا فیصلے میں کہنا تھا کہ ریاست ٹیکساس کے پاس دیگر ریاستوں کے انتخابی نتائج پر مقدمے کیلئے کوئی ٹھوس شواہد نہیں ہیں جبکہ عدالت نے دیگر درخواستیں بھی خارج کردی ہیں۔

خیال رہے کہ صدرارتی انتخابات میں ڈیموکریٹک امیدوار جو بائیڈن کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے واضح طور پر برتری حاصل ہے۔

انتخابی نتائج کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے 232 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے ہیں جبکہ جو بائیڈن نے 306 الیکٹورل ووٹ لیے ہیں۔

جوبائیڈن 20 جنوری کو امریکی صدر کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

مزید خبریں :