اداکارہ نمرہ بچہ ہالی وڈ سپر ہیرو سیریز 'مس مارول' کا حصہ بن گئیں

فائل؛فوٹو

مارول اسٹوڈیوز کے بینر  تلے بننے والی  ہالی وڈ فلم سیریز  مس مارول کو اگرچہ ریلیز کیے جانے سے قبل ہی دنیا بھر کی توجہ حاصل ہو گئی ہے تاہم پاکستانی اور دنیا بھر کی مسلم کمیونٹیز کے افراد پاکستانی سپر ہیروز کو  اسکرین پر دیکھنے کے لیے بے چین ہیں۔

تاہم اب مارول اسٹوڈیوز کی جانب سے جاری پوسٹ میں تصدیق کی گئی ہے فلم کی کاسٹ میں دیگر اداکاروں کے ہمراہ پاکستانی اداکارہ نمرہ بچہ کا نام بھی شامل ہے۔

مارول اسٹوڈیوز کی جانب سے جاری پوسٹ میں نمرہ بچہ کے کردار سے متعلق تاحال وضاحت نہیں کی گئی ہے اور نہ ہی سوشل میڈیا پر اس حوالے سے کوئی ذکر سامنے آیا ہے۔

 مس  مارول کے نام سے بنائی جانے والی مذکورہ فلم میں ہدایت کاری کے فرائض عادل العربی، بلال فلاح، میرا مینن اور شرمین عبید چنائے انجام دے رہے ہیں۔

 واضح رہے کہ سپر ہیرو سیریز مس مارول کو 2021 کے آخر میں اسٹریمنگ ویب سائٹ ڈزنی پلس پر ریلیز کیا جائے گا۔

صدر مارول اسٹوڈیوز کیون فیج کی جانب سے والٹ ڈزنی انویسٹر دے پریزینٹیشن کے دوران اعلان کیا گیا تھا کہ آئندہ آنے والی فلم میں پاکستانی نژاد امریکی لڑکی  ایمان ویلانی کمالہ خان کے طور پر مس مارول کا کردار نبھائیں گی۔

فائل:فوٹو

خیال رہے کہ مارول اسٹوڈیو کی ٹی وی سیریز ’’مس مارول‘‘ پہلی سپر ہیرو مسلم خاتون ’’کمالہ خان‘‘ کی کہانی ہے۔

کمالہ خان کون ہے؟

اس کامک بک میں 'مس مارول' کی ہم زاد نیو جرسی کی رہائشی ایک پاکستانی نژاد امریکی نوعمر لڑکی کمالہ خان ہے جو اپنی ہیٔت بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

اس کردار کو امریکی کامک بک سیریز ’مارول کامک‘ میں تخلیق کیا گیا جس کے تخلیق کار ثنا امانت اور اسٹیفن ویکر ہیں جبکہ اس کے مصنف جی ویلو ولسن ہیں۔

کمالہ پہلی بار اگست 2013 میں پبلش ہونے والی کامک بک 'کیپٹن امریکا' میں نظر آئی اور بعد ازاں 2014 میں 'مس مارول' کے نام سے ان کی اپنی کامک بک شائع ہوئی، جسے بے حد پسند کیا گیا۔

مزید خبریں :