Time 14 دسمبر ، 2020
شہر شہر

وزیر اعظم نے ذمہ دارانہ سیاحت کے فروغ کے پروگرام 'ٹریک' کا آغاز کردیا

خیبر پختونخوا، عالمی بینک گروپ اور نیسلے پاکستان کے درمیان صوبے میں 'ایکو ٹورازم' کے فروغ کیلئے اشتراک ہوگیا— فوٹو: ف ر

وزیرا عظم عمران خان نے اسلا م آباد میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران خیبر پختونخوا کے سیاحتی مقامات پر 'ایکو ٹورازم' کے فروغ کیلئے عالمی بینک گروپ، نیسلے پاکستان اور خیبر پختونخوا کے درمیان اشتراک سے ترتیب دیے جانے والے پروگرام 'ٹریک' کا آغاز کردیا۔

وزیراعظم عمران خان نے تقریب میں Travel Responsibly for Experiencing Ecotourism in Khyber (ٹریک) پروگرام کے لوگو کو متعارف کرایا۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کو خاص طور پر مبارکباد دیتا ہوں کیوں کہ انہوں نے جو ورلڈ بینک اور نیسلے پاکستان کے ساتھ پارٹنر شپ کی ہے یہ اس پروجیکٹ کیلئے کی ہے جو میں بہت دیر سے سمجھ رہا تھا کہ پاکستان میں اس طرح کا پروجیکٹ شروع کرنا چاہیے۔

اپنے خطاب میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کو خاص طور پر مبارکباد دیتا ہوں— فوٹو : ف ر

اس موقع پر شراکت داروں نے خیبر پختونخوا کے سیاحتی مقامات پرسالڈ ویسٹ منیجمنٹ اورپلاسٹک ری سائیکلنگ کے ذریعے ماحولیاتی نظام کے تحفظ کیلئے مل کر کام کرنے کا عزم ظاہر کیا۔

ٹریک(TREK) کی سرگرمیوں میں سیاحوں کیلئے آگاہی مہم اور کچرے کو اکٹھا کرکے ر ی سائیکل کرنے کیلئے مقامی افراد اور کاروباری اداروں کو تربیت فراہم کرناشامل ہے۔

تقریب کے مقررین نے ملازمتیں پیدا کرنے میں سیاحت کے شعبے کی اہمیت پر زور دیا اور سڑکوں کی حالت بہتر بنانے، ریسکیو سروسز اور سیاحتی مقامات کی منصوبہ بندی کے ذریعے سیاحوں کو سہولیات فراہم کرنے میں خیبر پختونخوا کے محکمہ سیاحت کے کردارکو سراہا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا کہ 'ہم مقامی اور عالمی سیاحوں کیلئے نئے سیاحتی مقامات کھول رہے ہیں اور سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے نجی شعبہ کو دعوت دیتے ہیں تاکہ صوبائی معیشت کے اس اہم سیکٹر کو مزید ترقی دی جاسکے'۔

انہوں نے مزید کہا کہ'عالمی بینک گروپ، نیسلے اور دیگرا سٹیک ہولڈرز کے ساتھ ہماری شراکت داری سے ذریعہ معاش کے مواقع پیدا کرنے، سیاحتی مقامات انتظامی مسائل سے مؤثر انداز میں نمٹنے کیلئے ہماری کوششوں کو تقویت ملے گی۔

اس موقع پر صوبائی سیکرٹری اسپورٹس، سیاحت اور امور نواجوانان عابد مجید نے کہا کہ خیبر پختونخوا انٹیگریٹڈ ٹورازم ڈویپلمنٹ (KITE) منصوبے کے تحت TREK پروگرام کو عالمی بینک گروپ کے ساتھ قریبی شراکت داری سے نافذ کیا جارہا ہے، محکمہ اور اس کی سرگرمیاں ذمہ دار سیاحت کے بنیادی اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے ورثے کا تحفظ، سیاحتی انفرا اسٹرکچر کی فراہمی اور سیاحتی مقامات کی ترقی کیلئے کوشاں ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، ناجے بین ہاسین، کنٹری ڈائریکٹر ورلڈ بینک گروپ، پاکستان نے کہا کہ 'عالمی بینک گروپ سیاحتی شعبے میں نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے خیبر پختونخوا  اور پنجاب کی کوششوں میں تعاون کو جاری رکھنا چاہتا ہے۔ آج خیبر پختونخوا حکومت اور نجی شعبہ کے ساتھ اہم شراکت داری کے آغاز کا دن ہے اور ہمیں توقع ہے کہ ملک بھر میں ذمہ دار سیاحت کیلئے کردار ادا کرنے کیلئے مزید کارپوریٹ ادارے آگے آئیں گے۔ اس شعبہ میں ترقی اور ملازمتیں پیدا کرنے کے مواقع بہت زیاد ہ ہیں'۔

نیسلے پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ثامر شدید نے کہا کہ 'ہمارے وژن کے تحت ہم کچرے کے مسائل سے نمٹنے کیلئے اقدامات میں تیزی لا رہے ہیں اور عالمی بینک گروپ اور خیبر پختونخوا حکومت کے ساتھ ہماری شراکت داری اسی سمت میں ایک قدم ہے۔ہم کوڑے کو ری سائیکل کرنے والی کمپنیوں اور مقامی انتظامیہ کے درمیان روابط قائم کرینگے اور اس کے علاوہ صفائی ستھرائی کی سرگرمیاں اور تربیتی پرگراموں کے ذریعے رویوں میں تبدیلی لائیں گے'۔

اس سے قبل KITE اور اکنامک ری وائیٹالائزیشن کے پی (ERKP)منصوبے نے گلیات، کاغان اور کالام کی متعلقہ ترقیاتی اتھارٹیز کی حدود میں کچرے اٹھانے اورٹھکانے لگانے کیلئے 2 ایسکاویٹرز، 6 کمپکٹرز، 4 ڈمپر ٹرکس اور300 سے زائد کوڑے دان فراہم کیے تھے۔

مزید خبریں :

بھینس کا قومی دن

بھینس کا قومی دن

02 مارچ ، 2021