15 دسمبر ، 2020
لاہورکے علاقے لیاقت آباد میں سی سی ٹی وی ویڈیو نے ڈولفن فورس کے جعلی مقابلے کا بھانڈا پھوڑ دیا۔
گذشتہ دنوں ہونے والے مبینہ مقابلے سے متعلق ڈولفن فورس نے دعویٰ کیا تھاکہ 4نوجوان خاتون کو اغوا کرکے رکشےمیں لے جا رہے تھےکہ خاتون نے ون فائیو پرکال کر دی اور جب ڈولفن اہلکاروں نے روکا تو ملزموں نے فائرنگ کردی، جوابی فائرنگ میں جہانگیر نامی ملزم مارا گیا اور 3 ملزمان فرار ہوگئے،مبینہ مغوی خاتون بھی پولیس کے مؤقف کی تائید کرتی نظر آتی ہے۔
تاہم جیو نیوز کو موصولہ سی سی ٹی وی ویڈیو میں دیکھا جاسکتاہےکہ جہانگیر نامی نوجوان بھاگتا ہواگر جاتا ہے اور بازو اوپر اٹھاکر منتیں کرتا ہے لیکن ڈولفن اہلکار اسے گولیاں مار دیتے ہیں، پولیس نےمارے گئےنوجوان کے خلاف ہی مقدمہ بھی درج کیا ہے۔
واقعےکے خلاف مقتول کے ورثاء اور اہل علاقہ نے شدید احتجاج کیا اور پیکو روڈ پر ٹائروں کو آگ لگا کر روڈ بلاک کردی، مقتول کے ورثاءکے احتجاج پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے آئی جی سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
پولیس کا دعویٰ ہےکہ ملزم جہانگیر ریکارڈ یافتہ مجرم ہے جس کےخلاف متعدد مقدمات درج ہیں۔