Time 16 دسمبر ، 2020
کھیل

ٹیم مینجمنٹ شاداب خان کی فٹنس سے مطمئن

فوٹو: پی سی بی

‏پاکستان ٹی ٹونٹی اسکواڈ کے کیمپ سے اچھی خبر یہ ہے کہ شاداب خان نے ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا  اور ٹیم مینجمنٹ ان کی فٹنس سے مطمئن ہے جس کے بعد قوی امکان ہے کہ شاداب خان ہی نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان ٹیم کی قیادت کریں گے۔

‏پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ 18 دسمبر کو ایڈن پارک آکلینڈ میں کھیلا جائے گا، ‏ پاکستان ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ گزشتہ روز کوئنز ٹاؤن سے آکلینڈ پہنچا جہاں اسکواڈ نے 3 گھنٹے کا بھرپور ٹریننگ سیشن کیا۔

‏ کھلاڑیوں نے فزیکل ٹریننگ کے بعد فیلڈنگ ڈرلز میں حصہ لیا اور ‏ بولروں، بیٹسمینوں نے نیٹ پر بھی بھرپور مشقیں کیں۔

‏انجرڈ پلئیرز بابر اعظم اور امام الحق ٹیم ڈاکٹر سہیل سلیم اور فزیو کی نگرانی میں الگ ٹریننگ میں مصروف رہے۔

‏ پاکستان کیمپ سے اچھی خبر یہ ہے کہ شاداب خان اب پہلے سے بہت بہتر محسوس کر رہے ہیں، انہیں ٹانگ میں کھچاؤ کی شکایت تھی جو اب بڑی حد تک دور ہو چکی ہے اور اس وجہ سے انہوں نے پاکستان ٹیم کے ٹریننگ سیشن میں بھرپور حصہ لیا۔

آل راؤنڈر شاداب خان نے فیلڈنگ اور فزیکل ٹریننگ میں حصہ لینے کے علاوہ نیٹ پر بولنگ اور بیٹنگ بھی کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم مینجمنٹ شاداب خان کی فٹنس سے مطمئن ہے اور وہی ٹیم کی قیادت کریں گے۔

‏شاداب خان کو بابر اعظم کے ساتھ وائٹ بال کرکٹ میں ڈپٹی مقرر کیا گیا تھا، اب جب کہ بابراعظم انجرڈ ہیں تو وہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ٹیم کی قیادت کریں گے، شاداب خان کے بھی مکمل فٹ نہ ہونے کے بعد یہ بحث جا ری تھی کہ اگر شاداب خان فٹ نہ ہوئے تو کپتانی کون کرے گا، ایسے میں وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کا نام لیا جا رہا تھا جو کہ ٹیسٹ کرکٹ میں بابر اعظم کے ڈپٹی ہیں۔

مزید خبریں :