Time 16 دسمبر ، 2020
انٹرٹینمنٹ

فلم کی شوٹنگ کے دوران ٹام کروز آپے سے باہر کیوں ہوگئے؟

ہالی وڈ کے سپر اسٹار اور معروف ایکشن ہیرو ٹام کروز عام طور پر ایک سلجھے ہوئے، دھیمے اور نرم مزاج کی شخصیت کے طور پر جانتے جاتے ہیں تاہم فلم کی شوٹنگ کے دوران عملے(کریو) کی جانب سے کوروناضابطہ کار (ایس او پیز)کا خیال نہ رکھنے پر وہ آپے سے باہر ہوگئے۔

رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں  ٹام کروز اپنی نئی فلم 'مشن امپاسیبل 7' کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، وہ اس فلم کے پروڈیوسر بھی ہیں ، اس سے قبل اٹلی میں شوٹنگ کے دوران عملے کے 12 افراد میں کورونا مثبت آنے کے بعد کام روک دیا گیا تھا۔

برطانوی اخبار کے مطابق شوٹنگ کے دوران ٹام کروز کی ایک آڈیو سامنے آئی ہے جس میں وہ عملے کے دو افراد کو سماجی فاصلے کا خیال نہ رکھنے پر ڈانٹ رہے ہیں۔

لیک آڈیو میں ٹام کروز انتہائی غصے میں کہہ رہے ہیں کہ ہماری وجہ سے ہالی وڈ کی فلمی صنعت میں دوبارہ کام شروع ہوا ہے اور ہزاروں افراد کو اس مشکل وقت میں روزگار ملا ہے، اور ایسی آپ لوگوں کی ایسی غیر ذمہ دارانہ حرکت کی وجہ سے ہمارا کام دوبارہ بند ہوسکتا ہے۔

آڈیو میں سنا جاسکتا ہےکہ ٹام کروز کہہ رہے کہ وہ کسی صورت اپنے کام کو دوبارہ بند ہوتے نہیں دیکھنا چاہتے،اگر دوبارہ کسی نے ایسا کیا تو اسے فارغ کردیا جائےگا اور میں کسی کا کوئی بہانہ نہیں سنوں گا۔

خیال رہے کہ یہ فلم ٹام کروز کی ایکشن سیریز 'مشن امپاسیبل' کی ساتویں فلم ہے اور اس فلم کو 19 نومبر 2021 کو پیش کرنے کا منصوبہ ہے تاہم کورونا کے باعث اسے وقت پر مکمل کرنا مشکل ہوتا جارہا ہے۔

مزید خبریں :