Time 17 دسمبر ، 2020
انٹرٹینمنٹ

ٹام کروز کے رویےکے باعث عملےکے5 افراد 'مشن امپاسیبل 7' کی شوٹنگ چھوڑگئے

ہالی وڈ کے سپر اسٹار اور معروف ایکشن ہیرو ٹام کروز کے ڈانٹنےکے باعث ان کی زیر تکمیل فلم 'مشن امپاسیبل 7' کے عملے کے 5 افراد کام چھوڑ گئے۔

خیال رہےکہ حال ہی میں 'مشن امپاسیبل 7' کے پروڈیوسر اور مرکزی کردار ٹام کروز کی ایک آڈیو لیک ہوئی تھی جس میں وہ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر عملے افراد کو سخت ڈانٹ ڈپٹ کررہے تھے۔

ٹام کروز  نے خبردار کیا تھاکہ اگر اب کوئی شخص سماجی فاصلے کی خلاف ورزی کرتا نظر آیا تو اسے نکال دیا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق ٹام کروز اس واقعے کے بعد ایک بار پھر عملے کے افراد پر برس پڑے اور ان کے خلاف سخت زبان کا استعمال کیا،جس کے باعث فلم کے عملے(کریو) میں شامل 5 افراد کام چھوڑ کر چلے گئے۔

اطلاعات کے مطابق فلم کے سیٹ پر کئی مہینوں سے تناؤ برقرار تھا اور اس سے قبل بھی بعض افراد ٹام کروز کے رویے کے باعث کام چھوڑ کر جاچکے ہیں تاہم انہوں نے اسے سنجیدگی سے نہیں لیا اور فلم کی شوٹنگ میں مصروف رہے۔

انٹرٹینمنٹ انڈسٹری یونین کے ایک رہنما نے ٹام کروز پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے وقت جب مشکل سے طویل عرصے بعد فری لانسرز کو کام ملا ہے، ایک کروڑ پتی فلمساز انہیں کام سے نکالنے کی دھمکیاں دے رہا ہے اور ان کے خلاف سخت زبان استعمال کررہا ہے۔

خیال رہے کہ یہ فلم ٹام کروز کی ایکشن سیریز 'مشن امپاسیبل' کی ساتویں فلم ہے اور اس فلم کو 19 نومبر 2021 کو پیش کرنے کا منصوبہ ہے تاہم کورونا کے باعث اسے وقت پر مکمل کرنا مشکل ہوتا جارہا ہے، اس سے قبل اٹلی میں شوٹنگ کے دوران عملے کے 12 افراد میں کورونا مثبت آنے کے بعدکام روکنا بھی پڑا تھا۔

مزید خبریں :