19 دسمبر ، 2020
پاکستان میں مقامی طور پر ڈیجیٹل اسٹریمنگ پلیٹ فارم لانچ کرنے کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوگئیں، عوام سبسکرپشن چارجز کے بغیر انٹرٹینمنٹ مواد سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔
کرونا وائرس نے جہاں دنیا کے ممالک کو لاک ڈاؤن پر مجبور کیا وہیں ڈیجیٹل اسٹریمنگ کے رجحان کو کہیں زیادہ فروغ ملا ہے۔
اب پاکستان میں بھی مقامی ڈیجیٹل اسٹریمنگ پلیٹ فارم لانچ کرنےکی تیاریاں عروج پر ہیں، جس کا بیڑہ اٹھایا ہے اوور سیز پاکستانی دوتا شیخ جمال نے،جن کا دعوٰی ہے کہ یہ سہولت پاکستانی عوام کو مفت دستیاب ہوگی۔
ڈیجیٹل اسٹریمنگ پلیٹ فارم کی سہولت آئندہ برس اپریل میں صارفین کو میسر ہوگی اور اس میں بچوں سے لے کر بڑوں کی تفریح اور آگہی پر مبنی مقامی طور پر تیار کردہ نشریاتی مواد دکھایا جائے گا۔
شیخ جمال کا کہنا ہے کہ اس پلیٹ فارم پر ایک ویڈیو دیکھنے کے لیے صرف 45 سیکنڈز کے اشتہارات ہوں گے جن کی رائلٹی فنکاروں اور پروڈیوسرز کو بھی دی جائے گی۔