Time 19 دسمبر ، 2020
کھیل

محمد عامر نے اپنی ریٹائرمنٹ کی وجوہات تفصیل سے بیان کردیں

 فاسٹ بولر محمد عامر نے اپنی قبل ازوقت ریٹائرمنٹ کی وجوہات سے متعلق تفصیلی ویڈیو شیئر کی ہے۔

اپنے یوٹیوب اکاؤنٹ پر تقریباً 15 منٹ کی ویڈیو میں محمد عامر نے بتایا ہے ان کی ریٹائرمنٹ کا فیصلہ جذباتی نہیں بلکہ انہوں نے سوچ سمجھ کر یہ فیصلہ کیا ہے۔

محمد عامرکاکہنا ہےکہ جب میں نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی تو سابق کوچ مکی آرتھر اور گزشتہ مینجمنٹ نے میرے فیصلے کو سپورٹ کیا لیکن جب سے نئی مینجمنٹ آئی ہے وہ میرے پیچھے پڑ گئی، نئے بولنگ کوچ اور ہیڈ کوچ نےکہا کہ میں نے لیگز کے لیے ٹیسٹ کرکٹ چھوڑی ہے اور بار بار لوگوں کے ذہن میں ڈالا کہ میں نے اس وجہ سے ٹیسٹ کرکٹ چھوڑا ہے اور میں پیسے کے پیچھے ہوں۔

ان کاکہنا تھاکہ بعض سابق کرکٹر ٹی وی پر بیٹھ کر 2010کی غلطی کو جواز بنا پر مجھ پر تنقید کرتے ہیں، میں نے سزاکاٹی اور معافی بھی مانگی لیکن بار بار میرا ماضی مجھے یاد دلایا جاتا ہے۔

عامر نےکہاکہ پی سی بی کے این او سی کے تحت پہلے ہم دو لیگز کھیل سکتے تھے تین لیگز کھیلنے کی اجازت تو اب ملی تو پھر کیسے کہہ سکتے ہیں‌ کہ میں‌ نے ٹیسٹ کرکٹ لیگز کی وجہ سے چھوڑی۔

ان کا کہنا ہےکہ میں نے واپسی کے بعد ایشیاکپ، چیمپئنز ٹرافی اور ورلڈ کپ میں‌ اچھی کارکردگی دکھائی، آج بھی میں‌ ون ڈے رینکنگ میں‌ ٹاپ 10 میں‌ ہوں، دورہ نیوزی لینڈکے لیے 35کھلاڑیوں میں میرا نام نہیں آیا تو مجھے دکھ ہوا۔

فاسٹ بولر نےکہاکہ احسان مانی اور وسیم خان سے کوئی اختلاف نہیں‌ ہے میری ریٹائرمنٹ‌ لینے کی وجہ ٹیم مینجمنٹ کا رویہ ہے، اگر عزت نہیں ملے گی تو میں وہاں نہیں رہ سکتا،ریٹائرمنٹ کے فیصلے سے بورڈ‌ کو آگاہ کردیا ہے، لوگ مجھ سے ریٹائرمنٹ واپس لینے کی درخواست کررہے ہیں لیکن میں‌ نے جذباتی طور پر فیصلہ نہیں‌ لیا۔

خیال رہے کہ پاکستان کے لیے 36 ٹیسٹ، 61 ون ڈے اور 50 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے والے مایہ ناز فاسٹ بولر محمد عامر نے گذشتہ دنوں ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے فاسٹ بولر محمد عامر کے ریٹائرمنٹ کے فیصلے کی تصدیق کردی ہے اور پی سی بی کاکہنا ہےکہ وہ محمد عامر کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔

مزید خبریں :