کھیل
Time 17 دسمبر ، 2020

ذہنی اذیت دی جا رہی ہے، کرکٹ چھوڑ رہا ہوں: محمد عامر

فائل فوٹو

قومی کرکٹر محمد عامر کا کہنا ہےکہ انہیں ذہنی اذیت دی جا رہی ہے اس لیے وہ  کرکٹ چھوڑ رہے ہیں۔

سری لنکا پریمیئر لیگ کے بعد ایک ویڈیو انٹرویو میں محمد عامر نے کہا کہ ’مجھے ذہنی اذیت دی جا رہی ہے، موجودہ بورڈ مینجمنٹ میں کرکٹ نہیں کھیل سکتا، فی الحال اس مینجمنٹ کی وجہ سے کرکٹ چھوڑ رہا ہوں‘۔

انہوں نے کہا کہ 35 کھلاڑیوں میں نام نہ آنا میرے لیے پیغام تھا، مجھے سائیڈ لائن کیا جارہا ہے، 5 سال کی سزا کاٹنے کے بعد واپس آیا اور  پھر بھی کہا جا رہا ہے کہ بورڈ نے مجھ پر بہت انویسٹ کیا، مجھے صرف دو لوگوں نے سپورٹ کیا اور وہ سابق پی سی بی چیئرمین نجم سیٹھی اور شاہد آفریدی تھے جس پر دونوں کا شکرگزار ہوں‘۔

محمد عامر کا کہنا تھا کہ ’5 سال سزا کاٹ کر اذیت کاٹی اور پھر کرکٹ میں واپسی کے بعد بھی بار بار باتیں کرکے ذہنی اذیت دی جارہی ہے، میں کرکٹ سے دور نہیں جارہا مگر مجھے سائیڈ لائن کیا جا رہا ہے، جس طرح کا ماحول بن گیا ہے تو مجھے اس وقت ہی ویک اپ کال مل گئی تھی جب یہ پتہ چلا کہ میں 35 کھلاڑیوں میں بھی نہیں آسکتا۔

قومی کرکٹر نے کہا کہ ‘ایک دو دن میں پاکستان پہنچ کر باقاعدہ بیان جاری کروں گا اور کون کون لوگ میرے فیصلے کی وجہ بنے ان کاذکر بھی بیان میں کروں گا، ان لوگوں کا بھی ذکر کروں گا جنہوں نے مجھے مشکل وقت میں سپورٹ کیا جب کہ بیان سے پہلے فیملی سے مشورہ کروں گا۔

واضح رہے کہ فاسٹ بولر محمد عامر پہلے ہی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں۔

مزید خبریں :