22 دسمبر ، 2020
بچے کا نام معروف پیزا برانڈ کے مطابق رکھنے پر آسٹریلوی والدین نے 60 سال تک ہر ماہ ایک پیزے کے برابر رقم کا انعام جیت لیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق آسٹریلیا میں ایک معروف بین الاقوامی پزا برانڈ کی جانب سے اپنی 60 ویں سالگرہ پر اعلان کیا گیا کہ 9 دسمبر کی تاریخ کو جن والدین کے ہاں بچہ پیدا ہوگا اور وہ اس کا نام 'Dominique' یا 'Dominic' رکھیں گے ان میں سے قرعہ اندازی کے ذریعے کسی ایک کو 60 سال تک ہر ماہ ایک پیزا کے حساب سے رقم (10 ہزار 800 ڈالرز) دی جائے گی جس کا مطلب ہے کہ وہ 2080 تک ہر ماہ 14 ڈالر کا ایک پیزا کھاسکتے ہیں۔
پیزا کمپنی کے اعلان کے تقریباً ڈیڑھ گھنٹے بعد خوش قسمت والدین کے ہاں ایک بیٹا پیدا ہوا جس کا نام انہوں نے اتفاقاً 'Dominic Julian' رکھ لیا۔
کچھ گھنٹوں بعد والدین کے رشتہ داروں میں سے ایک نے انہیں پیزا کمپنی کی پیش کش سے متعلق بتایا جس پر بچے کے والد نے بھی آن لائن قرعہ اندازی میں تمام تفصیلات جمع کروادیں اور خوش قسمتی سے انعام بھی جیت لیا۔
پیزا کمپنی نے انسٹا گرام پر انعام کا اعلان کرتے ہوئے بچے کے والدین کو مبارک باد دی ہے جب کہ صارفین کی جانب سے بھی نومولود کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جارہا ہے۔