23 دسمبر ، 2020
شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ و گلوکارہ بشریٰ انصاری کا کہنا ہے کہ میڈم نور جہاں کی ساڑھی زیب تن کرکے وہ خود کو بہت خوش قسمت محسوس کر رہی ہیں۔
اداکارہ بشریٰ انصاری نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ میڈم نور جہاں کی ساڑھی پہنی ہوئی ہیں۔
بشریٰ انصاری کی تصویر کے عقب میں میڈم نور جہاں کا ایک پوٹریٹ لگا ہوا ہے جس میں وہ وہی ساڑھی پہنی ہوئی ہیں جو اس وقت بشریٰ انصاری نے پہن رکھی ہے۔
اداکارہ نے اپنی تصویر کے کیپشن میں لکھا کہ 'میڈم نور جہاں کی ساڑھی پہن کر خود کو بہت خوش قسمت محسوس کر رہی ہوں، یہ ساڑھی مجھے نور جہاں کی صاحبزادیوں نے تحفے میں دی ہے'۔
بشریٰ انصاری نے میڈم نور جہاں کی تینوں صاحبزادیوں نازیہ، شازیہ اور منیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس خوبصورت تحفے کو لے کر میں بہت جذباتی ہورہی ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ وہی ساڑھی ہے جو میڈم نور جہاں نے پہنی ہے۔
بشریٰ انصاری نے اپنے چاہنے والوں کو بتایا کہ میڈیم نور جہاں کی 20 ویں برسی کے موقع پر میں انہیں خاص خراج عقیدت پیش کر رہی ہوں جو کہ میرے یوٹیوب چینل پر دیکھا جا سکتا ہے۔