24 دسمبر ، 2020
چین سے پھیلنے والے کورونا وائرس نے رواں برس کے آغاز سے ہی دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد کو متاثر کیا۔
مارچ میں لگنے والے لاک ڈاؤن کے باعث زیادہ تر پاکستانیوں نے وقت گزاری کے لیے یا تو آن لائن ویڈیو گیمز کھیلے یا پھر ویڈیو موسیقی کا انتخاب کیا۔
اسی مناسبت سے پاکستان کے میوزک اسٹریمنگ پلیٹ فارم پٹاری کی جانب سے رواں سال کے اختتام سے قبل ہی ’روائینڈ 2020 راؤنڈ اپز‘ جاری کیے گئے ہیں۔
آئیے جانتے ہیں کہ کورونا وائرس کے دوران لوگوں سب سے زیادہ کون سے گانے سنے اور کن فنکاروں کو زیادہ سے زیادہ سرچ کیا گیا۔
’ریوائنڈ 2020 راؤنڈ اپز‘ کے مطابق رواں برس سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے گانوں میں مومنہ مستحسن اور بلال سعید کا گانا’باری‘ بازی لے گیا، اس فہرست میں ڈرامہ سیریل ’الف‘ کا او ایس ٹی دوسرے اور عاطف اسلم کا گانا عادت تیسرے نمبر پر سب سے زیادہ سنا گیا۔
’ریوائنڈ 2020 راؤنڈ اپز‘ کے مطابق 2020 میں گلوکار شمعون اسمٰعیل سب سے زیادہ مقبول فنکار رہے، ان کا گانا ’رنگ‘ سب سے زیادہ سنا گیا جبکہ ان کا ایک اور گانا ’میریوانا‘ (Marijuana) اس فہرست میں تیسرے نمبر پر رہا۔
فہرست میں گلوکار بلال سعید اور مومنہ مستحسن کا گانا ’باری دوسرے جبکہ مصطفیٰ زاہد اور یاشل شاہد کا گانا رانجھا چوتھے نمبر پر موجود ہے۔
پٹاری کے آفیشیل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر 2020 میں سب زیادہ سرچ کیے جانے والے میوزک بینڈز کی فہرست بھی جاری کی گئی ہے جس کے مطابق پٹاری پر 2020 میں سب زیادہ سرچ کیے جانے والے میوزک بینڈز میں ’اسٹرنگز‘ پہلے، اوج دوسرے اور ’جنون‘ تیسرے نمبر پر رہا۔
’ریوائنڈ 2020 راؤنڈ اپز‘ کے مطابق راک بینڈ بیان کا البم سنو سب سے زیادہ مقبول رہا۔ اس فہرست میں کشمیر بینڈ کا البم خواب دوسرے اور شمعون اسمٰعیل کا البم جوس تیسرے نمبر پر رہا۔