Time 24 دسمبر ، 2020
انٹرٹینمنٹ

کورونا میں مبتلا ماہرہ خان قرنطینہ میں کیا کر رہی ہیں؟

فائل:فوٹو

کورونا وائرس میں مبتلا پاکستان شوبز انڈسٹری کی مقبول اداکارہ ماہرہ خان  کے مداح جہاں ان کی جلد صحتیابی کے منتظر ہیں وہیں سپر اسٹار ماہرہ خان بھی  بیماری کے دوران اپنے تمام مداحوں سے محبت کا اظہار کر چکی ہیں۔

قرنطینہ کے دوران وقت گزاری سے متعلق مداحوں کو آگاہ کرنے اور میڈم نور جہاں کی 20 ویں برسی پر انھیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ماہرہ خان نے گزشتہ روز مقبول فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اداکارہ گھر کی چھت پر غروبِ آفتاب اور آسمان پر چمکتے ستاروں کے حسین منظر سے لطف اندوز ہو رہی ہیں۔ 

انسٹاگرام پر ویڈیو پوسٹ میں درج کیپشن میں ماہرہ خان نے لکھا کہ میں نے قرنطینہ کے دوران پرانے گانوں کو سنا، بہت کچھ پڑھا اور بہت کچھ لکھا بھی ہے، کچھ حیرت انگیز فلمیں دیکھیں، زندگی سے متعلق سوچ کر مسکرائی بھی اور روئی بھی، موم بتیاں جلا کر اپنی ہر رات کو روشن کیا۔

اداکارہ نے مزید لکھا کہ اس دوران میں نے اپنے بچپن کو پہلے سے کہیں زیادہ یاد کیا، ان لوگوں کو یاد کیا جن سے میں بے حد پیار کرتی ہوں، میں ان تکلیف دہ لمحوں میں اللّہ تعالیٰ کا بہت شکر ادا کرتی رہی جس نے مجھے زندگی دی اور جو میں آج بسر کر رہی ہوں۔

سپر اسٹار ماہرہ خان نے ملکہ ترنم میڈم نور جہاں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لکھا ’میں یہاں چھت پر بیٹھی ہوں اور اس خوبصورت آسمان کو دیکھتے ہوئے میڈم نور جہاں کا مقبول ترین گیت ’چاندنی راتیں‘ سُن رہی ہوں۔‘

اداکارہ نے مزید لکھا کہ ’جب ہم فراموش ہو جاتے ہیں تو ہم واقعی مر جاتے ہیں لیکن میڈم نور جہاں ہمیشہ ہمارے ساتھ تھیں اور رہیں گی۔‘

مزید خبریں :