Time 24 دسمبر ، 2020
کھیل

پہلے ٹیسٹ میں ‏سپر اسٹار بابر اعظم کو مس کریں گے: محمد رضوان

فوٹو: جیونیوز

نیوزی لینڈ کے خلاف ماؤنٹ منگنوئی میں کھیلےجانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان ٹیم کی قیادت کرنے والے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کا کہنا ہے کہ وہ سپر اسٹار بابراعظم کو ٹیسٹ میچ میں مس کریں گے۔

‏ پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ 26 دسمبر سے کھیلا جا رہا ہے۔

اس حوالے سے  وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کا کہنا ہے کہ بابر اعظم ٹاپ کلاس بیٹسمین ہیں، وہ تینوں فارمیٹ کی رینکنگ میں ٹاپ بیٹسمینوں میں آتے ہیں، وہ انجری کی وجہ سے ٹیسٹ میچ نہیں کھیل رہے انہیں مس تو کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ خوش آئند بات یہ ہے کہ ہمارے بیٹسمینوں کو پاکستان شاہینز کی جانب سے چار روزہ میچ میں بیٹنگ کا اچھا موقع ملا اور اس سے انہوں نے فائدہ اٹھایا، انگلینڈ میں ہمارے بیٹسمینوں نے عمدہ بیٹنگ کی تھی، اظہر علی، شان مسعود ، فواد عالم اور حارث سہیل جیسے بیٹسمین ہمارے پاس ہیں ان کی وجہ سے بیٹنگ لائن اپ مضبوط ہے۔

‏ محمد رضوان کا کہنا تھا کہ بابراعظم انجری کے باوجود گراؤنڈ میں موجود رہے ہیں، انہوں نے سب بیٹسمینوں کے ساتھ اپنا تجربہ شئیر کیا اور انہیں ٹپس دیں، انجری کے باوجود اس طر ح گراؤنڈ موجود رہنا کوئی آسان کام نہیں ہے لیکن بابراعظم گراونڈ میں رہے اور انہوں نے کھلاڑیوں کو متحرک کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بیٹسمینوں کے علاوہ ہمارے پاس بولرز بھی اچھے ہیں، محمد عباس، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی اور یاسر شاہ جیسے بولز ہمارے پاس ہیں جب کہ فہیم اشرف بھی فارم میں آگئے ہیں اور ان کی رینکنگ بھی بہتر ہو ئی ہے۔

‏ قائم مقام کپتان کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ سے سیریز اچھی ہو گی، ہم نے سخت محنت کی ہے اور ٹیسٹ میچ میں بھی محنت کریں گے لیکن نتائج ہمارے ہاتھ میں نہیں ہیں۔

محمد رضوان نے کہا کہ ہمیں ٹیسٹ میچ سے پہلے وقت کم ملا ہے، دو ٹریننگ سیشن ہیں،  اس لیے لمبا ٹریننگ سیشن کر رہے ہیں آج بھی 4 گھنٹے ٹریننگ کی تاکہ سب کھلاڑی ایک یونٹ بن سکیں۔

مزید خبریں :