25 دسمبر ، 2020
بھارتی گلوکارہ کانیکا کپور رواں سال سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی شخصیات میں سے ایک ہیں اور اس کی وجہ مارچ میں ان میں کورونا وائرس کی تشخیص ہے۔
گلوکارہ نے برطانیہ سے واپسی پر قرنطینہ کرنے کے بجائے لکھنؤ کے تاج ہوٹل میں پارٹی میں شرکت کی تھی جس پر ان کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا گیا تھا۔
بعد ازاں گلوکارہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا اور اس حوالے سے اب کانیکا کپور نے بڑے انکشافات کیے ہیں۔
اپنے حالیہ انٹرویو میں گلوکارہ نے بتایا کہ وہ دور میرے اور خاندان کیلئے مشکل ترین تھا کیونکہ ہمیں نہیں معلوم تھا ہمارے ساتھ کیا ہورہا ہے جبکہ میڈیا اور عوام ہمارے خلاف ہوگئے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب لندن سے واپسی آئی تو قرنطینہ میں رہنے کا کوئی قانون نہیں تھا16 مارچ کے بعد بخار ہوا تو چیک اپ کرایا جس میں کورونا کی تشخیص ہوئی لیکن مجھ پر الزام لگا کہ میں نے ائیرپورٹ پر چیک ہی نہیں کرایا۔
کونیکا نے بتایا کہ اس دوران مجھے، میرے بچوں اور خاندان کو قتل کی دھمکیاں مل رہی تھیں اور ہم سب پریشان و خوفزدہ تھے، کوئی کہہ رہا تھا مجھے مر جانا چاہیے تو کوئی کہہ رہا تھا کہ کیرئیر ختم ہوگیا، ان سب چیزوں نے مجھے جھنجھوڑ کر رکھا دیا۔
خیال رہے کہ گلوکارہ نے کئی مشہور گیت گائے ہیں جن میں سب سے زیادہ مشہور ’بے بی ڈول‘ ہے۔