27 دسمبر ، 2020
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ آج ذوالفقار علی بھٹو اور بی بی شہید کی روح کو تکلیف پہنچ رہی ہو گی کہ ان کے فلسفے اور نظریات کے بدترین مخالف آج ان کے گھر پر براجمان ہیں۔
سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن کاایجنڈا اپنی ذات سے شروع ہو کر اپنی ذات پر ختم ہو جاتا ہے، ان کے پاس عوام کے لیے کچھ نہیں۔
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ مریم نواز کا لاڑکانہ جانا "اوپر سے لڑائی اندر سے بہن بھائی" کی تاریخی حقیقت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
ان کا کہنا تھا لاہور اور لاڑکانہ کی سڑکوں پر ایک دوسرے کو گھسیٹنے کا اعلان کرنے والے ایک دوسرے کے گھروں کے مہمان بن گئے، یہ ان کی اصلیت ہے، یہ عوام کے سامنے کچھ اور پیچھے کچھ اور ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں جب بھی کرپشن، دو نمبری، ہارس ٹریڈنگ، چھانگا مانگا، چمک اور بریف کیس کا نام آئے گا تو نواز شریف کا نام آئے گا جبکہ عمران خان عوام کا تابعدار اور چوروں لٹیروں کے لیے تھانے دار ہے۔