پاکستان
Time 28 دسمبر ، 2020

پاکستانیوں کے مسجد اقصیٰ آنے سے متعلق فلسطینی اینکر کے سوال پر طاہر اشرفی رو پڑے

فلسطینی ٹی وی کو انٹرویو کے دوران خاتون اینکر کے پاکستانیوں کے مسجد اقصیٰ آنے سے متعلق سوال پر وزیر اعظم عمران خان کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی مولانا طاہر اشرفی جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور رو پڑے۔

فلسطینی ٹی وی چینل کی خاتون اینکر نے مولانا طاہر اشرفی سے سوال کیاکہ ہمارے پاکستانی بھائی کب ارض قدس آئیں گے؟ کیا آپ لوگ القدس کی زیارت میں دلچسپی رکھتے ہیں؟ ہم کب آپ لوگوں کو اپنی سرزمین میں دیکھیں گے؟

اس سوال پر وزیراعظم عمران خان کے نمائندہ خصوصی مولانا طاہر اشرفی جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور رو پڑے۔

اپنے جواب میں انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ عنقریب وہ دن آجائے گا کہ ہم مسجد اقصی آئیں گے، ہم نہیں چاہتے کہ ہم جابر اسرائیل سے اجازت لیکر مسجد اقصی آئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اسرائیل سے ویزا لیکر اقصیٰ جانے کی ضرورت نہیں بلکہ ہم اس وقت آئیں گے جب فلسطین ایک آزاد ریاست بن جائے گی۔

مولانا طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ ہم اہل فلسطین سے ویزا لیکر مسجد اقصیٰ کی زیارت کریں گے، ہمارا حال پوچھیں تو دل چاہتا ہے کہ ہم اگلے ہی لمحے مسجد اقصیٰ پہنچیں اور نماز ادا کریں، ہم فلسطین کے نوجوانوں اور ان کے بچوں سے ملیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ملک میں اسرائیل کو تسلیم کرنے سے متعلق قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں جس پر وزیراعظم عمران خان نے دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے اسرائیل کو تسلیم کرنے سے انکار کیا تھا۔

مزید خبریں :