پاکستان
Time 28 دسمبر ، 2020

وزیراعظم نے پارٹی رہنماؤں کو فوج مخالف بیانیےکا مؤثر جواب دینے کی ہدایت کردی

وزیراعظم عمران خان نے  پارٹی رہنماؤں کو فوج سمیت دیگر اداروں کےدفاع کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہےکہ فوج ہمارا ادارہ ہے اس کادفاع قومی ذمہ داری ہے۔

 اسلام آباد میں وزیر اعظم کی سربراہی میں ترجمانوں اور پارٹی رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی و معاشی صورت حال اور دیگر امور پر غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق  وزیر اعظم نے پارٹی رہنماؤں کو فوج سمیت دیگر اداروں کےدفاع کی ہدایت کرتے ہوئےکہا کہ فوج مخالف بیانیے کا مؤثر جواب دینا ہے، غیرملکی این جی اوز کے اسپانسرڈ لوگ سوشل میڈیا پر اداروں کے خلاف مہم چلارہے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر اداروں کو بدنام کرنے والوں کا پیچھا کریں گے، انہوں نے اداروں اور شخصیات کے خلاف مہم چلانے والوں کا کھوج لگانے کی ہدایت بھی کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے ترجمانوں کو مولانا فضل الرحمان کی مبینہ کرپشن بے نقاب کرنے کی بھی ہدایت کی اور  کہاکہ عوام کو آگاہ کریں کہ مولانا فضل الرحمان نے اثاثے کیسے اور کتنے بنائے۔

وزیراعظم نے ترجمانوں کو اپوزیشن کو آڑے ہاتھوں لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وزراء اپنی کارکردگی عوام کے سامنے لائیں اورسینیٹ اجلاس میں وزراء اپوزیشن کو بھرپور جواب دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو اینٹ کا جواب پتھر سےدیں،اپوزیشن کے ٹولے کو ملک نہیں اپنے مقاصد عزیز ہیں،اپوزیشن کی کسی تحریک کا دباؤ نہیں،اپوزیشن کا واحد مقصد این آر او ہے، جو نہیں ملےگا۔

مزید خبریں :