2020: ایک دوسرے سے راہیں جدا کرنیوالے شوبز ستارے

فائل:فوٹو

سال 2020 کے دوران جہاں شوبز کی کئی اہم شخصیات نے رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کے ساتھ ایک نئی زندگی کا آغاز کیا وہیں بہت سی مقبول جوڑیاں ایسی بھی تھیں  جو اس برس جدا ہوگئیں۔

آئیے جانتے ہیں شوبز کی وہ مقبول جوڑیاں کون سی تھیں جنہوں نے اس برس راہیں جدا کرکے مداحوں کو بھی حیران کردیا ۔

اداکار شہروز سبزواری اور سائرہ یوسف

فائل:فوٹو

کئی ماہ کی قیاس آرائیوں کے بعد رواں برس مارچ میں مقبول اداکار جوڑی شہروز سبزواری اور سائرہ یوسف نے شادی کے 8 برس بعد ایک دوسرے سے راہیں جدا کرلیں۔

دونوں اداکاروں کی جانب سے ازدواجی تعلق کے اختتام کی تصدیق سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شیئر کے ذریعے کی گئی تھی۔

سائرہ یوسف 2012 میں اداکار شہروز سبزواری کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں تھیں اور دونوں کی ایک بیٹی بھی ہے۔

اداکار و میزبان فرح سعدیہ اور چوہدری توقیر احمد

فائل:فوٹو

رواں برس ٹی وی کی کامیاب میزبان فرح سعدیہ کی دوسری شادی بھی ناکام ہوگئی۔

فرح سعدیہ نے 2012 میں خاموشی سے پاکستان کی معروف کاروباری شخصیت چوہدری توقیر احمد سے دوسری شادی کرلی تھی جن کا بزنس پاکستان اور امریکا میں پھیلا ہوا ہے۔

 تاہم رواں برس توقیر احمد نے اپنے ایک انٹرویو میں میزبان فرح سے مکمل طورپر علیحدگی کی تصدیق کردی۔

انجم شاہین اور میاں وسیم احمد

فائل:فوٹو

رواں برس پاکستان فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ انجم شاہین عرف انجمن اور ان کے دوسرے شوہر فلم پرڈیوسر اور اداکار میاں وسیم احمد عرف لکی علی کی راہیں بھی جدا ہوگئیں۔

انجمن کے شوہر لکی علی نے اپریل میں ویڈیو پیغام میں اداکارہ کو طلاق دی۔

اداکارہ انجمن نے فلم پرڈیوسر اور اداکار میاں وسیم احمد عرف لکی علی سے گزشتہ برس شادی کی تھی۔

ماڈل و اداکارہ ربیا چوہدری اور گلوکار میکال حسن

فائل:فوٹو

2016 میں گلوکار میکال حسن سے شادی کے بندھن میں بندھنے والی ماڈل واداکارہ ربیا چوہدری نے بھی اس برس ماہ دسمبر میں سوشل میڈیا پر اپنی طلاق کی تصدیق کی۔

جس کے بعد ربیا چوہدری اور گلوکار میکال حسن بھی ایک دوسرے سے راہیں الگ کرلینے والی شوبز کی اہم جوڑیوں میں شامل ہوگئے۔

2020 :بریک اپ 

اداکارہ ہانیہ عامر اور گلوکار عاصم اظہر

فائل:فوٹو

گزشتہ سال سے سوشل میڈیا پر ساتھ ساتھ نظر آنے والے گلوکار عاصم اظہر اور ہانیہ عامر نے بھی اس برس شادی سے قبل ہی ایک دوسرے سے دوری اختیار کرلی۔

ہانیہ عامر نے گلوکارہ آئمہ بیگ کے ساتھ انسٹاگرام پر لائیو سیشن کے دوران اپنے اور عاصم کے درمیان تعلقات پر خاموشی توڑتے ہوئے انکشاف کیا کہ 'عاصم اور میں صرف دوست ہیں، ہم دونوں ایک ساتھ نہیں ہیں، ہم ایک دوسرے کو ڈیٹ نہیں کر رہے اور نہ ہی ہمارے درمیان کوئی تعلقات ہیں'۔

علیزے شاہ اور نعمان سمیع

فائل:فوٹو

رواں برس ستمبر میں ڈرامہ انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ علیزے شاہ اور نئے اداکار نعمان سمیع نے انسٹاگرام پر ایک دوسرے کو فالو کرنا ختم کردیا جس کے تحت قیاس آرائیاں کی جاتی رہی کہ دونوں نے راہیں جدا کر لی ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل علیزے اور نعمان کی قریبی دوستی کے چرچے زبان زد عام تھے، دونوں ڈراموں کے علاوہ متعدد تقریبات میں بھی اکٹھے دکھائی دیتے تھے۔