31 دسمبر ، 2020
سال نو کے موقع پر قوم کے لیے پیٹرول کی قیمت سے متعلق بری خبر یہ ہے کہ حکومت نے قیمتیں بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اعلامیہ وزیراعظم آفس کے مطابق وزیرِاعظم نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی سفارشات کے برعکس پیٹرولیم مصنوعات میں کم سےکم اضافہ کرنےکی منظوری دی۔
اعلامیے کے مطابق اوگراکی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں 10.68 روپے فی لیٹر اضافے کی سفارش کی گئی تھی اور ڈیزل کی قیمت میں 8.37 روپے فی لیٹر اضافے کی سفارش کی گئی تھی۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے پیٹرول کی قیمت میں 2.31 روپے اضافہ کی منظوری دی جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 1.80 روپے فی لیٹر اضافہ منظور کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق اوگرا کی جانب سے مٹی کے تیل میں 10.92 روپے فی لیٹر ، لائٹ ڈیزل میں 14.87 روپے فی لیٹر اضافہ تجویز کیا گیا تھا تاہم مٹی کے تیل کی قیمت میں 3.36 روپے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 3.95 روپے اضافہ کیا گیا ہے۔
قیمتوں میں اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 106 روپے فی لیٹر ، ڈیزل کی نئی قیمت 110 روپے 24 پیسے فی لیٹر ہوگی۔
مٹی کے تیل کی نئی قیمت 73روپے 65پیسے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل کی نئی قیمت 71روپے 81پیسے مقرر کی گئی ہے جو آج رات 12 بجے سے 15 جنوری تک نافذ العمل رہیں گی۔