Time 01 جنوری ، 2021
کھیل

قومی ویمن کرکٹرز کیلیے 2020 مشکل سال، 2021 میں اچھا ہونے کیلیے پرامید

فوٹو: فائل

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑیوں نے گزرتے ہوئے سال کو مشکل ترین سال قرار دیا اور آنے والے سال میں اچھا ہونے کی امید ظاہر کی۔

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑیوں کائنات امتیاز اور ناہیدہ خان کا کہنا ہے کہ عالمی وبا کی وجہ سے 2020 بڑا مشکل سال رہا، ہمارے لیے بھی کچھ مختلف نہیں تھا لیکن امید ہے کہ نیا سال 2021 سب کے لیے اچھا ہو گا۔

‏کائنات امتیاز نے کہا کہ عالمی وبا کے مشکل وقت میں خود کو مصروف رکھنے کی کوشش کی، یہ ایک مشکل وقت ہے اور خود آسانیاں پیدا کرنے کی کوشش کی۔

ان کا کہنا تھا میں نے کیلی گرافی اور سائیکلنگ کر کے مشکل وقت کو گزارنے کی کوشش کی۔ اس کے علاوہ فیملی کے ساتھ وقت گزارا جس کا سال بھر وقت کم ملتا ہے۔

کائنات امتیاز کا کہنا تھا کہ پی سی بی نے اپنے طور پر ہمیں بہت مصروف رکھا، آن لائن فٹنس سیشن ہوئے جبکہ لیکچرز کا بھی اہتمام کیا گیا جس کا ہمیں بہت فائدہ ہوا، سال کے آخر میں ٹریننگ کیمپس اور ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کا بھی انعقاد ہوا اور کھیل کی سرگرمیوں میں حصہ لے کر خوشی ہوئی۔

قومی ویمن فاسٹ بولر نے کہا کہ جنوبی افریقا کے خلاف سیریز کی تیاریاں اچھے انداز سے جاری ہیں، ہم بڑی پرامید ہیں کہ جنوبی افریقا میں ہماری کارکردگی اچھی ہو گی اور سال کی شروعات شاندار ہو گی۔

ان کا کہنا تھا کہ بائیو سیکیور ببل ایک نیا تجربہ ہے لیکن اب اسی نیو نارمل کے ساتھ ہمیں رہنا ہے۔

ویمن کرکٹر ناہیدہ خان نے کہا کہ 2020 بہت مختلف سال رہا، ایسا کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ ہمیں زندگی میں یہ تجربہ بھی کرنا پڑے گا، امید ہے کہ 2021 سب کے لیے اچھا ثابت ہو گا۔

‏ناہیدہ خان کا کہنا ہے لاک ڈاؤن کی وجہ سے زیادہ فوکس فٹنس پر رہا لیکن اب مشکل حالات میں پی سی بی نے کیمپ لگایا اور ہمیں میدان میں آنے کا موقع ملا۔

مزید خبریں :