02 جنوری ، 2021
بالی وڈ اداکار سلمان خان کی فلم ’رادھے‘ کورونا کے باعث معاشی بدحالی میں بھارتی سنیما کی رونقیں بحال کرنے کیلئے امید کی کرن بن گئی ہے۔
فلم ’رادھے‘ کو گزشتہ سال عید پر ریلیز ہونا تھا لیکن کورونا کے باعث یہ فلم ریلیز نہیں ہوسکی تاہم اب بھی اپنی سالگرہ پر سلما ن نے فلم کی ریلیز کی حتمی تاریخ نہیں دی ہے۔
سلمان کا کہنا ہے کہ کورونا کی صورتحال بہتر ہونے پر فلم کی نمائش کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا جبکہ فلم کی ریلیز کے حوالے سے کئی قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں اور اب انہی افواہوں کے باعث بھارت بھر کی فلم ایگزیبیٹر ایسوسی ایشنز نے سلمان خان کے نام خط لکھا ہے۔
نمائش کنندگان نے خط میں لکھا ہے کہ سال 2020 فلم نمائش کنندگان کیلئے انتہائی برا ثابت ہوا ہے اور کئی سنگل اسکرین سنیما بند ہوچکے ہیں جس کے باعث لاکھوں لوگوں کا روزگار متاثر ہوا ہے۔
خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ فلمیں سنیما کیلئے ویسی ہی ہیں جیسے کار کیلئے ایندھن، فلم بینوں کیلئے ان کی دلچسپی کے مواد کے بغیرسنیما گھروں کا چلنا مشکل ہے لہٰذا آپ کی فلم’رادھے‘ لوگوں کو سنیما گھروں میں واپس لاسکتی ہے۔
نمائش کنندگان نے کہا کہ ’رادھے‘ کی رواں سال عید پر پڑے پیمانے پر ریلیز سے سنیما گھروں کے مالکان اور ملازمین کی مالی مدد ہوگی اور ہمارے مستقبل کیلئے امید کی کرن بھی ہے۔
دوسری جانب رپورٹس کے مطابق سلمان خان کی فلم ’رادھے‘ کی ریلیز کیلئے او ٹی ٹی پلیٹ فارم سے معاہد کرلیا ہے اور اس کے رائٹس 250 کروڑ بھارتی روپے میں فروخت کیے گئے ہیں تاہم اس حوالے سے اداکار نے تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔