06 جنوری ، 2021
سرکاری محکمے سرکاری قوانین سے لاعلم نکلے، کراچی کے علاقے برنس روڈ پر تاریخی عمارتوں کو خلافِ قانون مختلف رنگوں سے رنگ دیا۔
جیو نیوز کے مسئلہ اٹھانے پر ڈپٹی کمشنر جنوبی نے ملبہ سول سوسائٹی کے سر ڈال دیا۔
کہیں ہرا، کہیں نیلا، کہیں پیلا، کراچی کے برنس روڈ پر قیام پاکستان سے قبل اور اس کے اوائل میں سنہری پتھروں سے بنی تاریخی عمارتوں کو خلاف قانون رنگ دیا گیا۔
محکمہ ثقافت کے حکام کے مطابق یہ عمل برنس روڈ فوڈ اسٹریٹ منصوبے کے تحت ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مشاورتی کمیٹی کی اجازت کے بغیر کیا گیا جبکہ ڈپٹی کمشنر ضلع جنوبی ارشاد علی نے جیو نیوز کو بتایا کہ تاریخی عمارتوں پر رنگ و روغن سول سوسائٹی نے کیا، معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے کام رکوادیا ہے۔
برنس روڈ پر 40 تاریخی عمارتیں موجود ہیں۔ سندھ ورثہ بحالی ایکٹ 1994 کے مطابق تاریخی ورثے کو اصل حالت میں بحال رکھنا ضروری ہے، اور ان کا رنگ اور اسٹرکچر تبدیل نہیں کیا جاسکتا۔