07 جنوری ، 2021
نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے کورونا کے مشکل حالات میں دورہ کرنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ اور اسکواڈ کا شکریہ ادا کیا ہے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک پیغام میں کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ پاکستان کرکٹ ٹیم کی مشکور ہے جس نے ان مشکل حالات میں نیوزی لینڈ کا دورہ کیا۔
نیوزی لینڈ کرکٹ نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اس دورے کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کی دی گئی قربانیوں کو سراہتے ہیں اور آپ کی محفوظ وطن واپسی کے لیے نیک تمنائیں رکھتے ہیں۔
نیوزی لینڈ کرکٹ نے پاکستان اور کیوی کھلاڑیوں کی گراؤنڈ میں مصافحہ کرنے کی تصاویر بھی جاری کی ہیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم نے کووڈ 19 کے سخت پروٹوکولز میں نیوزی لینڈ کا دورہ کیا، 14 روز کا مشکل قرنطینہ مکمل کرنا پڑا، اس دوران بعض کرکٹرز کے کووڈ 19 ٹیسٹ مثبت آنے کی وجہ سے پاکستان اسکواڈ کو ٹریننگ کی اجازت نہ ملی۔
ٹریننگ کی اجازت نہ ملنے کی وجہ سے پاکستان کی نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کی تیاریاں متاثر ہوئیں، تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز نیوزی لینڈ نے دو ایک جبکہ دو ٹیسٹ میچز کی سیریز نیوزی لینڈ نے دو صفر سے جیتی۔