07 جنوری ، 2021
پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے لیے سخت کووڈ 19 پروٹوکولز بنانے کا پلان تیار کر لیا گیا جس کے تحت پی ایس ایل کے دوران ایس او پیز کی خلاف ورزی کسی طور پر برداشت نہیں کی جائے گی۔
پی ایس ایل 6 کے لیے سخت کووڈ 19 پروٹوکولز کے حوالے سے تمام فرنچائزز اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو آگاہ کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے لیے بائیو سکیور ببل 15 فروری سے شروع ہو جائے گا، غیر ملکی کھلاڑی ایک منفی ٹیسٹ کے ساتھ پاکستان پہنچیں گے اور کراچی میں کھلاڑیوں کی مزید دو مرتبہ ٹیسٹنگ ہوگی۔
ٹیسٹنگ میں منفی نتائج آنے کے بعد ٹریننگ کی اجازت دی جائے گی، ٹیسٹ مثبت آنے والے کھلاڑی یا دیگر کسی شخص کو 5 روزہ آئسولیشن میں رہنا پڑے گا اور آئسولیشن کے دوران بھی دو بار ٹیسٹنگ کے مرحلے سے گزرنا پڑے گا۔
پی ایس ایل کا چھٹا ایڈیشن 20 فروری سے کراچی میں شروع ہوگا، پی ایس ایل دو مرحلوں کراچی اور لاہور میں کھیلی جائے گی جب کہ ایونٹ کا اختتام لاہور میں ہو گا۔