Time 07 جنوری ، 2021
دنیا

امریکی کانگریس نے جوبائیڈن کے صدارتی انتخابات جیتنے کی توثیق کر دی

امریکی ایوان نمائندگان نے مشترکہ طور پر ڈیموکریٹک امیدوار جو بائیڈن اور ان کی نائب کمالا ہیرس کے صدارتی انتخابات میں جیت کی توثیق کر دی ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق نینسی پلوسی اور نائب صدر مائیک پنس کی زیر صدارت ہونے والے کانگریس کے اجلاس نے ٹرمپ کے حامیوں کی جانب سے ہنگامہ آرائی سے بھرپور اجلاس نے صدارتی انتخابات میں جو بائیڈن اور کمالا ہیرس کی جیت کی توثیق کی۔

نائب صدر مائیک پنس کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے کیپیٹل ہل کے باہر ہنگامہ آرائی اور دنگا فساد کیا وہ نہیں جیتے، تشدد کبھی بھی نہیں جیتتا، ہمیشہ آزادی کی جیت ہوتی ہے اور یہ ایوان اب بھی عوام کا ہی ہے۔

امریکی کانگریس کی توثیق کے بعد اب جوبائیڈن کے صدر بننے کے حوالے سے تمام آئینی تقاضے پورے ہو گئے ہیں اور جو بائیڈن 20 جنوری کو امریکا کے 46 ویں صدر کا حلف اٹھائیں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس نومبر میں ہونے والے انتخابات میں جوبائیڈن نے 306 اور ڈونلڈ ٹرمپ نے 232 الیکٹورل ووٹس حاصل کیے تھے جبکہ امریکی انتخابات میں کامیابی کے لیے کسی بھی امیدوار کو 270 الیکٹورل ووٹس درکار ہوتے ہیں۔

مزید خبریں :