پاکستان
Time 08 جنوری ، 2021

سانحہ مچھ: کراچی میں دھرنے، ٹریفک درہم برہم، ڈرگ روڈ پر موٹرسائیکلیں نذر آتش

سانحہ مچھ کے خلاف کراچی میں 25 سے زائد مقامات پر دھرنے جاری ہیں جس سے شہر میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہے جب کہ شاہراہ فیصل اور گلستان جوہر کے راستے بند ہونے سے ائیرپورٹ آنے جانے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

کراچی میں مرکزی دھرنا نمائش چورنگی پر جاری ہے جس کی وجہ سے ایم جناح روڈ پر بھی ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔

اس کے علاوہ کورنگی کراسنگ اور سخی حسن پر بھی احتجاج کے باعث سڑکیں ٹریفک کے لیے بند ہیں۔

ناتھا خان، کالونی گیٹ، کامران چورنگی، جوہر موڑ،صفورا چورنگی، ابوالحسن اصفہانی روڈ، نیپا، سمامہ پل، ملیر 15، اسٹارگیٹ، پاور ہاؤس، انچولی اور فائیواسٹار چورنگی پر بھی احتجاج کیا جارہا ہے۔

شہر میں ٹاور، عائشہ منزل، ناظم آباد 7 نمبر، ناظم آباد 1 نمبر، اسٹیل ٹاؤن چوک، کورنگی ڈھائی نمبر ،سرجانی کے ڈی اے فلیٹ، شاہ فیصل کالونی پل، ضیاالدین چورنگی، ناگن چورنگی اور پیپلز چورنگی پر بھی احتجاج کیا جارہا ہے۔

شہر کے کئی مقامات پر جاری دھرنوں کی وجہ سے کراچی میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔

دوسری جانب ڈرگ روڈ پر نامعلوم افراد نے 5 موٹرسائیکلوں کو  آگ لگادی۔

شاہراہ فیصل اور گلستان جوہر پر دھرنوں کی وجہ سے ائیرپورٹ آنے اور جانے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جب کہ ائیرپورٹ کے عملے کو بھی ڈیوٹی پر آنے میں مشکلات کی وجہ سے گزشتہ دو روز سے کئی پروازیں تاخیر کا شکار ہورہی ہیں۔

مزید خبریں :