11 جنوری ، 2021
پیغام رسانی کی مقبول ترین ایپ ’واٹس ایپ‘ کی جانب سے پرائیوسی پالیسی میں تبدیلی کے بعد دنیا بھر میں صارفین تشویش کا شکار ہیں۔
اسی تناظر میں ترکی نے واٹس ایپ اور اس ہی کی پیرنٹ کمپنی فیس بک کے نئے ڈیٹا شیئرنگ رولز کو معطل کردیا ہے۔
ترک خبر رساں ایجنسی کے مطابق ترک مسابقتی اتھارٹی نے فیس بک اور واٹس ایپ کے خلاف تحقیقات کا بھی آغاز کردیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے واٹس ایپ نے اپنے پرائیوسی رولز میں تبدیلی کی تھی جس کے تحت اب واٹس ایپ صارفین کی معلومات فیس بک اور اس کے دیگر کمپنیوں کے ساتھ شیئر کی جائیں گی۔
صارفین جب تک اس نئے رول کو قبول نہیں کرتے وہ واٹس ایپ استعمال نہیں کرسکیں گے۔
اب ترک مسابقتی کمیشن کا کہنا ہے کہ اگر صارف نئے قواعد کو قبول کر بھی لیں تو ان کی جانب سے ڈیٹا شیئرنگ معطل کردی گئی ہے۔ اتھارٹی نے فیس بک سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھی ڈیٹا شیئرنگ کو معطل کرے۔
اس سے قبل واٹس ایپ کی جانب سے نئی پرائیویسی پالیسی متعارف کرائے جانے کے بعد ترک صدر رجب طیب اردوان کے میڈیا آفس نے واٹس ایپ کا استعمال ترک کرنے کا اعلان کیا تھا۔
ترکی کا کہناہے کہ ڈیٹا پرائیویسی کے معاملے میں یورپی یونین کے ممالک اور دیگر ممالک میں تفریق ناقابل قبول ہے۔