دنیا
Time 11 جنوری ، 2021

امریکا نے حوثی باغیوں کو دہشت گرد گروپ قرار دینے کا فیصلہ کرلیا

امریکا کی جانب سے حوثیوں کو ٹرمپ کی صدارت کے آخری روز 19 جنوری کو بلیک لسٹ قررا دیا جائے گا: رپورٹس— فوٹو:فائل 

امریکا نے یمن میں حکومت کیخلاف برسرپیکار حوثی باغیوں کو دہشت گرد گروپ قرار دینے کا فیصلہ کرلیا۔

غیرملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے بیان میں کہا ہے کہ حوثی دہشت گردانہ، سرحد پار حملوں اور شہریوں کی ہلاکت میں ملوث ہیں جبکہ خطے کو غیرمستحکم کرنے کی کوششوں میں بھی شامل ہیں۔

امریکی وزیر خارجہ نے حوثی باغیوں کے سربراہ عبدالمالک الحوثی سمیت 3 رہنماؤں کو دہشت گرد نامزد کیا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ کے بیان کے بعد حوثی باغیوں کو غیرملکی دہشت گرد گروپ قرار دینے کا اعلان آج ہی متوقع ہے۔ 

رپورٹس کے مطابق امریکا کی جانب سے حوثیوں کو ٹرمپ کی صدارت کے آخری روز 19 جنوری کو بلیک لسٹ قرار دیا جائے گا۔ اس فیصلے سے نئی امریکی انتظامیہ کیلئے ایران سے معاملات حل کرنے میں مشکل پیدا ہونے کا امکان ہے۔

دوسری جانب حوثی باغیوں نے امریکا کے فیصلے کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ جواب کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

اس فیصلے پر یمن کی حکومت نے خوشی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ حوثی باغی دہشت گرد قرار دینے کے ہی قابل ہیں۔

واضح رہے کہ یمن میں خانہ جنگی کا آغاز 2014 میں اس وقت ہوا جب حوثی باغیوں نے دارالحکومت صنعاء پر قبضہ کرنے کا اعلان کیا۔

حوثی باغیوں کی جانب سے حکومت کا تختہ الٹنے کو جواز بنا کر سعودی عرب نے یمن میں فضائی کارروائیاں شروع کردیں۔

یمن میں ہونے والی خانہ جنگی میں اب تک ہزاروں افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور اس تنازع کی وجہ سے لاکھوں افراد قحط سالی شکار ہو رہے ہیں۔

اقوام متحدہ نے اس تنازع کو دنیا کا بدترین انسانی المیہ قرار دیا ہے کیونکہ یمن میں لاکھوں افراد خوراک اور طبی سہولیات کی کمی کا شکار ہیں اور یہ لڑائی ملک کو قحط کے دہانے پر لے آئی ہے۔

مزید خبریں :