پاکستان
20 ستمبر ، 2012

دہری شہریت کے حامل اراکین پارلیمنٹ نااہل قرار

دہری شہریت کے حامل اراکین پارلیمنٹ نااہل قرار

اسلام آباد…سپریم کورٹ نے دہری شہریت والے معطل ایم این اے فرح ناز اصفہانی سمیت 11 اراکین قومی اور صوبائی اسمبلی کو نااہل قرار دے دیا ہے، وزیرداخلہ رحمان ملک کو گزشتہ سینیٹ رکنیت سے نااہل کرتے ہوئے کہاگیاہے وہ صادق اور امین نہیں رہے۔ عدالت نے نااہل ارکان سے اب تک کی مالی مراعات واپس لینے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے دہری شہریت کیس کی سماعت کے بعد منگل کو فیصلہ محفوظ کرلیاتھا، آج یہ فیصلہ سناتے ہوئے عدالت نے قرار دیا کہ رحمان ملک نے غلط بیانی کی، وہ صادق امین نہیں رہے، انہوں نے 2008ء نے غلط بیان حلفی دیا،ان کے صادق اور امین نہ رہنے پر آئین کے آرٹیکل 63 پی کے تحت کارروائی ہوگی۔ عدالت نے قرار دیا کہ الیکشن سے قبل دیئے گئے حلف میں غلط بیانی کرنے والے کے خلاف تعزیرات پاکستان کے تحت کارروائی ہوگی اور یہ کارروائی الیکشن کمیشن کرے گا۔ حکم کے مطابق یوسف رضا گیلانی کیس مین فیصلہ دیاجاچکا ہے کہ جب حکم آچکا ہو، اسپیکر کو ریفرنس بھیجنے کی ضرورت نہیں۔ عدالت نے جن ارکان کو نااہل قرار دیا ان میں ایم این ایز زاہد اقبال، فرح ناز، فرحت محمود، جمیل ملک ، ایم پی ایز محمد اخلاق، اشرف چوہان، نادیہ گبول، وسیم قادر، ندیم خادم، آمنہ بٹر اور احمد علی شاہ شامل ہیں۔ عدالت نے الیکشن کمیشن سے ان ارکان کے خلاف قانونی کارروائی کرنے، ان ارکان کی رکنیت ڈی نوٹیفائی کرنے کا حکم دیا اور کہاکہ نااہل ارکان سے 2 ہفتوں میں تمام مالی فوائد، مراعات واپس وصول کی جائیں۔ بعد میں میڈیا کو بریفنگ میں رحمان ملک کے وکیل انورمنصورخان نے کہاکہ ان کے موکل کا معاملہ اس کیس میں الگ کردیا گیا ہے،عدالتی حکم پہلے والے بیان حلفی سے متعلق ہے، رحمان ملک آج بھی وزیر ہیں۔

مزید خبریں :