Time 12 جنوری ، 2021
انٹرٹینمنٹ

جوہی چاولہ اور دیا مرزا ممبئی کی آلودگی سے پریشان

فائل فوٹو

بھارت کے بڑے شہروں میں شامل ممبئی کی  آلودہ ترین فضا  سے بالی وڈ اداکار   بھی پریشان ہیں۔

 بالی وڈ اداکارہ جوہی چاولہ نے ممبئی کی فضائی آلودگی سے پریشان ہوکر ایک ٹوئٹ کی جس میں انہوں نے کورونا کی وجہ سے لگنے والے لاک ڈاؤن کو بہتر قرار دیا۔

جوہی چاولا نے کہا کہ ممبئی کی ہوا کو کیا ہوگیا ہے میں نے اپنی بالکونی میں چہل قدمی کرنا چاہی اور مجھے محسوس ہوا کہ میں مٹی اور صرف مٹی سانس سے اندر کھینچ رہی ہوں شاید لاک ڈاؤن اتنا برا نہیں تھا مجھے یاد ہے ہوا ان دنوں کتنی فرحت بخش تھی۔

جوہی چاولا کے ٹوئٹ پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی اداکارہ دیا مرزا نے بھی تشویش کا اظہار کیا۔


دیا مرزا کے مطابق یہ انتہائی برا ہے، کیا یہ تعمیرات سے اڑنے والی مٹی ہے، جلنے والا فضلہ، بھوسے کی راکھ یا اور کچھ؟

اداکارہ کا مزید کہناتھا کہ ساحلی شہر ہونے کی وجہ سے ہی اس سال کے آغاز سے ممبئی دہلی کے مقابلے بدترین ائیر کوالٹی انڈیکس کا شکار رہا، ایسا لگتا ہے کہ اب کچھ تبدیل نہیں ہو سکتا ہے۔

اس سے قبل بھی جوہی چاؤلہ سوشل میڈیا پر ممبئی کی آلودہ ترین فضا کی تصاویر شیئر کرچکی ہیں۔

یہی نہیں بھارتی اداکار رنویر شورے نے بھی ممبئی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا تھا۔

واضح رہے کہ بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی سمیت کئی بڑے شہروں کی فضا صحت کے لیے انتہائی خراب ہوگئی ہے بھارتی دارالحکومت نئی دہلی ،کولکتہ اور ممبئی آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست ہیں۔

مزید خبریں :