پاکستان
Time 12 جنوری ، 2021

ایف بی آر سے شہبازشریف کی جائیداد کی آڈٹ رپورٹ طلب

 احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ ریفرنس میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) سے شہبازشریف کی جائیداد کی آڈٹ رپورٹ طلب کر لی۔

جج جواد الحسن نے ہدایت کی کہ اگر کبھی آڈٹ ہوا ہے تو عدالت میں پیش کریں۔

احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نےریفرنس پر سماعت شروع کی، شہبازشریف روسٹرم پر آگئے تو فاضل جج نے کہا، لگتا ہے آپ کچھ کہنا چاہتے ہیں۔

اس پر شہباز شریف نے کہا کہ میں نے چنیوٹ معاملے پر قو م کے اربوں روپے بچائے، نیب والے میرے سوالوں کا جواب نہیں دیتے، جج جواد الحسن نے انھیں باور کرایا کہ یہ کیس ان کی عدالت میں نہیں ہے، آپ مناسب وقت پر یہ باتیں کریں۔

عدالت نے منی لانڈرنگ ریفرنس میں نیب کے گواہ ریجنل ٹیکس افسر محمد شریف کا بیان ریکارڈ کیا، عدالت نے ایف بی آر سے شہباز شریف کی جائیداد کے آڈٹ کا ریکارڈ مانگ لیا اور حکم دیا کہ اگر آڈٹ ہوا ہے تو آئندہ سماعت پر پیش کریں۔

احاطہ عدالت میں میڈیا سے گفتگو میں لیگی رہنما طلال چوہدری نے کہا کہ شہباز شریف کو اندر رکھ کر نوازشریف سے دور رہنے کیلئے بلیک میل کیاجارہا ہے۔

شہبازشریف اور حمزہ شہباز سے اظہار یکجہتی کیلئے لیگی رہنما رانا ثناءاللہ،سعد رفیق، عائشہ رجب سمیت دیگر رہنما احتساب عدالت پہنچے تھے۔

مزید خبریں :