13 جنوری ، 2021
وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاناما پیپرز کے بعد براڈ شیٹ نے بھی ہمارے امیر حکمرانوں کی کرپشن اور منی لانڈرنگ کو بے نقاب کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پہلے پاناما پیپرز کے ذریعے ہمارے امیر حکمرانوں کی کرپشن اور منی لانڈرنگ سامنے آئی اور اب براڈ شیٹ نے بھی اشرافیہ کی بڑے پیمانے پر کرپشن اور منی لانڈرنگ کو بے نقاب کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی انکشافات کے بعد یہ اشرافیہ انتقامی کارڈ کے پیچھے نہیں چھپ سکتی۔
انہوں نے کہا کہ بار بار اشرافیہ کا بے نقاب ہونا کرپشن کے خلاف میری 24 سال کی جدوجہد کو بیان کر رہا ہے، یہ اشرافیہ حکومت میں آئی اور ملک کو تباہ کیا۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اشرافیہ نے بیرون ملک غیر قانونی اثاثے بنانے کے لیے منی لانڈرنگ کی، خود کو مقامی قانون سے بالاتر کیا اور پھر اپنا سیاسی اثر و رسوخ استعمال کر کے این آر او کا سہارا لیا، اس طرح ان لوگوں لوٹی ہوئی ملکی دولت کو محفوظ بنایا اور پاکستانی عوام کو سب سے زیادہ نقصان ہوا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ان لوگوں نے صرف عوام کی دولت کو ہی نہیں لوٹا بلکہ ٹیکس دہندگان کے پیسے کو این آر او کے ذریعے ضائع کیا گیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ انکشافات آغاز ہیں، ہم براڈ شیٹ سے اشرافیہ کی منی لانڈرنگ کی مکمل اور شفاف چاہتے ہیں اور یہ بھی چاہتے ہیں کہ بتایا جائے کہ کس نے انہیں تحقیقات سے روکا۔