16 جنوری ، 2021
ملائیشیا میں روکے گئے بوئنگ 777 طیارے پر تعینات پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کے فضائی عملے کو وطن واپسی کی اجازت دے دی گئی۔
ذرائع نے جیونیوز کو بتایا کہ فضائی عملے کو وطن واپسی کی اجازت دے دی گئی ہے جبکہ فضائی عملے میں دو پائلٹ، 2 فرسٹ آفیسر اور 14 فضائی میزبان شامل تھے۔
ملائیشیا کے قوانین کے تحت ملائیشیا میں رکنے والے فضائی عملے کو 14 دن کیلئے قرنطینہ میں رہنا ہوتا ہے، اگر پی آئی اے کے فضائی عملے کو روک لیا جاتا تو ان کیلئے بہت مشکل ہو جاتی کیوں کہ اپ ڈاؤن فلائٹ کی وجہ سے عملے کے پاس سوائے یونیفارم کے کوئی اضافی کپڑے نہیں تھے۔
اس حوالے سے ترجمان پی آئی اے نے تصدیق کی اوربتایا کہ پی آئی اے کے طیارے کا عملہ ہفتے کو غیرملکی پرواز کے ذریعے پاکستان کیلئے روانہ ہوگا جبکہ مسافروں کو لانے والی خلیجی ائیرلائن پاکستانی وقت کے مطابق رات 11 بج کر 45منٹ پرروانہ ہوگی اورپرواز کوالالمپور سے براستہ دبئی کل دوپہر اسلام آباد پہنچے گی۔
خیال رہے کہ پی آئی اے کی پرواز پی کے 894 اسلام آباد سے کوالالمپور پہنچی تھی تو اسے وہیں لیز کی عدم ادائیگی پر عدالتی حکم کے ذریعے رکوا لیا گیا۔
مسافروں کو بعد میں طیارے سے اُتاردیا گیا، پی آئی اے نے لیز پر لیے گئے طیارے کا کرایہ نہیں بھرا اور اُسی طیارے کو انٹرنیشنل فلائٹ پر ملائیشیا بھیج دیا۔