دنیا
Time 16 جنوری ، 2021

ارنب گوسوامی کو پاکستان سے متعلق اہم فیصلوں کا پہلے سے علم ہونے کا انکشاف

وزیراعظم نریندر مودی کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قریب سمجھے جانے والے اینکر ارنب گوسوامی کی واٹس ایپ چیٹ سامنے آ گئی۔

ارنب گوسوامی اور بھارتی براڈ کاسٹ آڈیئنس ریسرچ کونسل (بی اے آر سی) کے سربراہ کی واٹس ایپ چیٹ منظر عام پر آئی ہے جس کے مطابق ارنب گوسوامی کو بھارت میں اعلیٰ ترین سطح پر ہونے والے فیصلوں کا پہلے سے علم تھا۔

ارنب گوسوامی نہ صرف بالاکوٹ پر حملے بلکہ آرٹیکل 370 کے خاتمے سے بھی آگاہ تھے، ارنب گوسوامی بی اے آر سی کے سربراہ کے ساتھ مل کر اپنے چینل کی ریٹنگ بڑھانے پر کام کرتے رہے۔

23 فروری 2019 کو ارنب نے بی اے آر سی سربراہ کو پاکستان سے متعلق بڑی خبر کی پیشگی اطلاع دی، گوسوامی نے بتایا کہ پاکستان کے خلاف معمول سے بڑی کارروائی ہو گی، گواسوامی کو معلوم تھا کہ کشمیر میں معمول سے ہٹ کر کچھ بڑا ہونےوالا ہے، گوسوامی کے مطابق مودی سرکار پاکستان مخالف کارروائی سے عوام کو خوش کرنا چاہتی تھی۔

بالاکوٹ حملے کے بعد گوسوامی نے بی اے آر سی سربراہ کو بتایا کہ مزید کارروائی بھی ہوگی۔

خیال رہے کہ بھارتی پروفیسر اشوک سوائین پہلے ہی پلوامہ کو ڈرامہ قرار دے چکے ہیں۔ پروفیسر اشوک سوائین کے مطابق مودی نے پلوامہ میں وہی کیا جو اس نے 2002 میں گجرات میں کیا۔

اشوک سوائن کے مطابق مودی نے ووٹ بٹورنے کیلئے پلوامہ ڈارمہ ہونے دیا، انتخابات میں پلوامہ حملے کا فائدہ مودی کو ہوا۔ 

مزید خبریں :