Time 16 جنوری ، 2021
پاکستان

پاکستان میں برطانوی کورونا ویکسین کے ہنگامی استعمال کی اجازت دے دی گئی

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) رجسٹریشن بورڈ نے ملک میں برطانوی کورونا ویکسین کے ہنگامی استعمال کی اجازت دے دی  ہے۔

 ذرائع کے مطابق منظوری ملنے پر آکسفورڈ یونیورسٹی اور برطانوی سوئیڈش دواساز ادارے ’آسٹرازینیکا‘ کی ویکسین کو پاکستان میں درآمد اور  استعمال کیا جاسکےگا۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ برطانوی کورونا ویکسین کے استعمال کی اجازت پاکستانی نجی کمپنی نے مانگی تھی،کراچی کی ایک فارما کمپنی آسٹرازینیکا کی کورونا ویکسین درآمد کرے گی۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ درآمد ہونے والی ویکسین کی قیمت حکومت طے کرے گی، اس کے علاوہ آئندہ ڈریپ بورڈ اجلاس میں چین کی سائنو فارم ویکسین کی درآمد کی اجازت بھی متوقع ہے۔

خیال رہے کہ آسٹرا زینیکاکورونا ویکسین برطانوی وزارت صحت سے منظورشدہ ہے اور اس ویکسین کی کامیابی کا تناسب 62 فیصد ہے تاہم یہ 4 ڈگری تک کے درجہ حرارت میں بھی محفوظ رہتی ہے اور  اسےگھریلو فریج میں بھی رکھا جا سکتا ہے۔

مزید خبریں :