پاکستان
Time 16 جنوری ، 2021

پاکستان نے ابھی تک کوروناکی ویکسین کا بندوبست ہی نہیں کیا، بلاول

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری  نے کہا ہےکہ پاکستان نے ابھی تک کورونا وائرس کی ویکسین کا بندوبست ہی نہیں کیا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی ویکسین نہ لینے کے باعث ہم کووِڈ -19 کے معاملے پر خطے میں پیچھے جاتے نظر آرہے ہیں۔

بلاول کا کہنا تھا کہ کوروناکامقابلہ کرنے کے لیے حکومت آج بھی کوئی قدم اٹھانے کو تیار نہیں، پاکستان نے ویکسین کی امپورٹ کا بندوبست نہیں کیا جب کہ خطےکے دیگر ممالک کورونا ویکسین کی امپورٹ کا کام تیزی سےکر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ ہمیں لگ رہا ہےکہ کورونا ویکسین کے لیے ہمیں بہت انتظار کرنا پڑےگا، حکومت صرف اور صرف پرائیویٹ سیکٹر کو ویکسین کی اجازت دے گی۔

انہوں نے کہا کہ جلد لاک ڈاؤن کی وجہ سے پاکستان میں کورونا سے زیادہ نقصان نہیں ہوا،ہماری معاشی صورت حال اور صحت کاشعبہ، ہرجگہ حکومت ناکام رہی ہے، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نےکہا ہےکہ کرپٹ ترین حکومت تحریک انصاف کی ہے،عوام کے سامنے حقائق آج تک نہیں پہنچےہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کی ناکامی برداشت سے باہر ہے، پاکستان کے عوام تاریخی مہنگائی کا سامنا کر رہےہیں، حکومت نے غریب عوام کو مشکل حالات میں لاوارث چھوڑ دیا ہے،پٹرول کی قیمت چار ،چار بار بڑھانا ظلم اور ناانصافی ہے۔

مزید خبریں :