پاکستان
Time 17 جنوری ، 2021

فضل الرحمان پر دباؤ ڈالا ہی نہیں جاسکتا، 19 جنوری کو فیصلہ لینے آرہے ہیں: مریم اورنگزیب

مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ  نا اہلوں سے لاہور کا کچرا نہیں اٹھ رہا۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے عوام کا پیسہ امانت سمجھ کر استعمال کیا تو 14 ہزار میگا واٹ بجلی بن گئی، لاہور میٹرو بن گیا اوراسپتال بن گئے۔

انہوں نے کہا کہ ڈھائی سال میں اس حکومت نے 14 ہزار ارب کا قرضہ لیا لیکن منصوبوں کی ایک اینٹ نہ لگی۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اگست میں سلیکٹڈ وزیراعظم نے پشاور میٹرو کا افتتاح کیا تھا اور آج وہ میٹرو دھکے سے بھی نہیں چلتی کیونکہ نہ دھکے سے حکومت چلتی ہے اور نہ دھکے سے میٹرو چلتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ جو تحریک انصاف کے اکاؤنٹس میں آئی اس کا خمیازہ آج پورا پاکستان بھگت رہا ہے، فیصلہ ہوچکا، اب 19 جنوری کو تحریری فیصلہ لینے آرہے ہیں۔

لیگی ترجمان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان پر دباؤ ڈالا ہی نہیں جاسکتا، یہ تو پی ڈی ایم کا دباؤ ہے کہ سلیکٹڈ کی چیخیں سُنائی دے رہی ہیں، اپوزیشن کے لوگ پہلے ہی جیل میں ہیں، اپوزیشن کو کیسے ٹف ٹائم دیا جاسکتا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی جانب سے تحریک انصاف کے فارن فنڈنگ کیس کے حوالے سے 19 جنوری کو الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کیا جائے گا۔

مزید خبریں :