کھیل
Time 18 جنوری ، 2021

شین وارن نے انڈین بولر کی 6 نوبالز کو مشکوک قرار دے دیا، بھارتی آگ بگولہ

نتاراجن ان خوش قسمت کھلاڑیوں میں سے ہیں جنہوں نے ایک ہی دورے میں تینوں طرز کی کرکٹ میں بھارت کیلئے ڈیبیو کیا ہے— فوٹو: سوشل میڈیا

بھارت اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ان دنوں برسبن میں چوتھا ٹیسٹ میچ کھیلا جارہا ہے۔

برسبن ٹیسٹ میں بھارتی لیفٹ آرم میڈیم پیسر تھنگاراسو نتاراجن کی جانب سے دو اننگز میں اب تک 8 نوبالز کی جاچکی ہیں جسے لیجنڈ آسٹریلوی لیگ اسپنر شین وارن نے دبے لفظوں میں مشکوک قرار دیا ہے۔

نتاراجن ان خوش قسمت کھلاڑیوں میں سے ہیں جنہوں نے ایک ہی دورے میں تینوں طرز کی کرکٹ میں بھارت کیلئے ڈیبیو کیا ہے۔

تاہم ان کی جانب سے کی جانے والی نوبالز نے شین وارن کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے اور شین وارن نے اس کا کھل کر اظہار بھی کیا ہے۔

شین وارن کا کہنا ہے کہ ’نتاراجن کی جانب سے ایک میچ میں 7 نوبالز کرائے جانا ایسی چیز ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جاسکتا‘۔

وارن نے مزید کہا کہ ’نتاراجن کی نوبالز بہت بڑی بھی ہیں جو مجھے کچھ عجیب لگ رہی ہیں‘۔

شین وارن نے کہا کہ ایک اور دلچسپ بات یہ ہے کہ نتاراجن نے 5 نوبالز اپنے مختلف اوورز کی پہلی گیند پر کرائیں ، وہ بھی ان کا پاؤں بہت زیادہ آگے تک گیا ، اس چیز نے میری توجہ اپنی جانب مبذول کرائی۔

شین وارن نے صاف صاف تو اسے اسپاٹ فکسنگ نہیں کہا البتہ سوشل میڈیا پر بھارتی آپے سے باہر ہوگئے ہیں اور شین وارن پر خوب تنقید کررہے ہیں۔

برسبن ٹیسٹ میں نتاراجن نے پہلی اننگز میں 6 اور دوسری اننگز میں 2 نوبالز کیں جبکہ انہوں نے میچ میں 3 وکٹیں حاصل کیں۔ بھارت کو میچ میں جیت کیلئے 328 کا ہدف ملا ہے۔

مزید خبریں :